158

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) ایڈیشنل آئی جی حیدرآباد ڈاکٹر جمیل احمد نے کہاہے کہ عید کے موقع پر ہاتھ ملانے اور عید کے دوران گھروں سے نکلنے سے گریز کریں،کورونا کی وبا کے خاتمہ کے بعد انشااللہ ہم عید روایتی طور پر منائیں گے۔کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کےلیے لگنے والے لاک ڈاﺅن نے زندگیوں کو بری طرح متاثر کیا ہے ،ایسے میں سماجی تنظیمیں اور ادارے جو مستحقین کی خدمت کرکے مرجھائے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر رہے ہیں لائق تحسین ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو لطیف آباد نمبر 7 میں حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس (دستور) اور معروف سماجی تنظیم حیدرآباد سٹی ویلفیئر آرگنائزیشن کی جانب سے عید الفطر کی آمد کے موقع پر مستحقین میں راشن تقسیم کرنے کی تقریب سے بحثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرسٹی ویلفیئر آرگنائزیشن کے صدر اسلم دیسوالی ‘حیدرآباد یونین آف جرنلٹس (دستور) کے صدر اور سینئر صحافی تجمل حسین خان ‘ سینئر نائب صدر اورروزنامہ قومی اخبار گروپ کے بیورو چیف راحت کاظمی، واپڈا لیبر یونین کے رہنما اعظم خان ‘انجمن تاجران لطیف آباد کے رشید قریشی، ڈی ایس پی لطیف آباد صابر گدی، ایس ایچ او اے سیکشن عمران رشید و دیگرمعززین بھی موجود تھے۔