شب قدر نعمتیں سمیٹنے اور اللہ کو راضی کرنے کی رات ہے، عبدالوحید قریشی

104

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)شب قدر کو رمضان المبارک کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں پوشیدہ رکھا گیا تاکہ لوگ زیادہ سے زیادہ عبادت کرسکیں اور اپنے رب کو راضی کریں،اللہ پاک نے شب قدر کو ہی پاکستان ہمیں عطا کیا ۔ ان خیالات کا اظہار سابق رکن صوبائی اسمبلی و ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی سندھ عبدالوحید قریشی ،ضلعی امیر عقیل احمد خان ،پروفیسر عبدالحق راجپر سمیت دیگر نے جامع مسجد جامع اسلامیہ ٹھنڈی سڑک میں اسلامک ایجوکیشن ایسوسی ایشن کی جانب سے محفل شب بیداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی سندھ عبدالوحید قریشی نے کہا کہ لیلتہ القدر میں عبادت کا عظیم ثواب ملنے کے باوجود ہم اس رات کی قدر نہیں کرتے اور اسے غفلت میں گزار دیتے ہیں۔امیر جماعت اسلامی حیدرآباد عقیل احمد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج انسان نے جوظاہری ترقی کی ہے یہ سب قرآنی علوم سے رہنمائی حاصل کر کے ہی ممکن ہواہے لیکن انسان قرآن کی تعلیمات کو چھوڑ کر گمراہی اور بے راہ روی کے راستے پر چل پڑا ہے جبکہ رمضان المبارک کا مہینہ رحمت، مغفرت اور جہنم سے آزادی حاصل کرنے کا مہینہ ہے اس موقع پرپرنسپل گورنمنٹ سائنس کالج پریٹ آباد پروفیسر عبدالحق راجپرنے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس مہینے میں مسلمانوں کو زیادہ سے زیادہ نماز، روزے اور عبادت کا اہتمام کرنا چاہیے اور اس بابرکت مہینے میں ہی ہم اپنی بخشش کا ا ہتمام کرسکتے ہیں۔محفل سے مولانا عبدالقدوس میمن ،پروفیسر عبدالطیف انصاری اور اصغر علی خان یوسف زئی نے بھی خطاب کیا۔