کورونا کی بھارتی قسم ، 49 ممالک تک پھیل گئی ، عالمی ادارہ صحت

523
نئی دہلی: دارالحکومت میں جاری لاک ڈاؤن کے باعث سڑکیں سنسان پڑی ہیں۔ چھوٹی تصویر میں خاتون کورونا وائرس میں مبتلا بیٹے کی موت پر غم سے نڈھال ہے

جنیوا (انٹرنیشنل ڈیسک) عالمی ادارہ صحت نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ بھارت میں دریافت ہونے والی کورونا وائرس کی تبدیل شدہ قسم امریکا، برطانیہ، فرانس، روس، چین اور جاپان سمیت 49 ممالک اور خطوں تک پھیل گئی ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق پہلی بار برطانیہ، جنوبی افریقااور برازیل میں دریافت ہونے والی نئی اقسام کے بعد اب بھارتی قسم کو بھی عالمی سطح پر تشویش ناک قرار دے دیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیق سے معلوم ہوا کہ بھارتی وائرس دواؤں اور اینٹی باڈیز کے اثرات کو زائل کر سکتا ہے۔ واضح رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کے باعث حالات انتہائی مخدوش ہوچکے ہیں۔ حکومتی اعدادوشمار کے مطابق بدھ کے روز نئے متاثرین کی تعداد 3 لاکھ 48 ہزار 421، جب کہ اموات کی تعداد 4 ہزار 205 تھی۔ دارالحکومت نئی دہلی اور تجارتی مرکز ممبئی جیسے بڑے شہروں سے اب وائرس صوبائی شہروں اور دیہی علاقوں میں پھیل رہا ہے، جہاں صحت کا نظام غیر معیاری ہے۔ ملک کا بڑا حصہ طبی آلات کی کمی اور استعمال کی آکسیجن کی قلت کے باعث افراتفری کا شکار ہے۔ ادھر مودی سرکار دنیا سے منہ چھپانے کی کوشش کر رہی ہے اور شدید تنقید سے بچنے کے لیے بھارتی وزیراعظم نے جی 7اجلاس میں شرکت کے لیے لندن کے دورے کو بھی منسوخ کردیا ہے۔ناقدین نے الزام عائد کیا ہے کہ اس نے گزشتہ برس حالات کی سنگینی سے سبق سیکھنے کے بجائے وبا سے حفاظت کے لیے کوئی اقدام نہیں کیا،جس کے باعث ملک انتہائی نازک موڑ پر پہنچ گیا ہے۔ ملک میں کورونا وبا کے خطرے کے باجود حکومت فرانس سے رافیل طیارے خریدنے کی کوشش میں لگی رہی اور جب طبی آلات کی ضرورت پڑی تو دیگر ممالک کی امداد پر گزارا کررہی ہے۔