سعودی عرب : عید کی نماز کیلیے 20 ہزار مقامات مختص

198
حرمین شریفین کی انتظامیہ کی جانب سے رمضان المبارک میں معتمرین اور نمازیوں کے لیے خدمات انجام دینے پر عملے میں تحائف تقسیم کیے جارہے ہیں

ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی وزارت اسلامی امور کی جانب سے ملک بھر کے مختلف شہروں اور قصبوں میں نماز عید کے لیے 20 ہزار 569 مقامات کو مخصوص کیا گیا ہے۔ تمام شہروں میں عید کی نماز کے لیے جامع مساجد کے علاوہ مختلف مقامات پر عید اجتماعات کے خصوصی انتظامات کی اجازت دی گئی ہے ، جہاں آنے والوں کو مکمل طور پر حفاظتی تدابیر کا خیال رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزارت اسلامی امور نے ریاض میں 3 ہزار 147 جامع مساجد ، 971 مساجد اور 682 دیگر مقامات کو مخصوص کیا ہے مکہ مکرمہ میں 2 ہزار 108 جامع مساجد ، 739 عام مساجد اور 309 مقامات پر نماز کی اجازت دی گئی ہے۔ مدینہ منورہ میں 784 جامع مساجد ، 256 مساجد اور 34 دیگر مقامات نماز عید کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ مشرقی علاقوں میں 939 جامع مساجد ، 786 عام مساجد اور 18 دیگر مقامات نماز کے لیے مخصوص کیے گئے ہیں۔ وزارت اسلامی امور کی جانب سے جاری بیان میں ہدایت کی گئی ہے کہ عید الفطر کی نماز کے لیے آنے والے مقررہ ضوابط پرمکمل طورپرعمل کریں اورکسی بھی حالت میں ضوابط کی خلاف ورزی کا ارتکاب نہ کریں۔ حفاظتی تدابیر کے تحت نماز عید کے لیے جاتے وقت ہر شخص ماسک لازمی طور پر استعمال کرے ، ،جب کہ اپنی جائے نماز ساتھ ضرور لائے۔ مساجد اور مصلوں میں سماجی فاصلے کا خاص خیال رکھا جائے۔ کھلے مقامات پرنماز عید ادا کرنے والے بھی سماجی فاصلے کا خاص خیال رکھیں ۔ دوسری جانب سعودی وزارت حج وعمرہ نے مسجد الحرام میں نماز عید کے لیے اجازت نامے کے حصول کولازم قرار دے دیا۔ سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق مسجد الحرام میں نماز عید کے لیے خصوصی اجازت نامے اعتمرنا اور توکلنا ایپ سے جاری کروائے جا سکتے ہیں۔ سعودی حکام کے مطابق اجازت لینے والے افراد نماز فجر اور نماز عید مسجد الحرام میں ادا کرسکیں گے، اس کے علاوہ کسی کو بھی داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔ واضح رہے کہ عالمی وبا کورونا کے باعث سعودی حکومت کی جانب سے سخت انتظامات کیے گئے ہیں ۔ وزارتِ حج و عمرہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اجازت نامہ لینے کی شرط مرد اور خواتین دونوں کے لیے ہے۔ ادھر وزارت اسلامی امور نے 4شہروں کی 8 مساجد میں کورونا کیسوں کی تصدیق ہونے پرانہیں عارضی طورپر بند کردیا ہے۔ وزارت اسلامی امور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 94 روز کے دوران کئی شہروں میں ایک ہزار 129 مساجد کو عارضی طورپر بند کیا گیا ، جن میں سے 1114مساجد کو نمازیوں کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا۔ بند کی گئی 8 مساجد میں سے 4ریاض ، 2 مشرقی علاقے، اور ایک ایک مسجد عسیر اور تبوک میں تھیں ۔ وہاں بعض افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد انہیں عارضی طورپربند کرکے وہاں جراثیم کش ادویات چھڑکنے کے لیے کیلیے متعلقہ ادارے کو احکامات جاری کردیے گئے۔