فرانس مہاجرین کیلیے سرحد بند کرے‘ سیاستدان کا مطالبہ

156

پیرس (انٹرنیشنل ڈیسک) فرانسیسی سیاست دان مشیل بارنی اے نے کہا ہے کہ 5سال کے لیے فرانس میں امیگریشن پروگرام کو بند کردینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ شینگن نظام کے تحت رکن ممالک کے درمیان آزادانہ نقل و حرکت پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔ مشیل فرانسیسی سیاستدان ہیں اور وہ آیندہ سال صدارتی انتخابات میں صدر عمانویل ماکروں کے مقابل کھڑے ہونے کا سوچ رہے ہیں۔ مشیل کا کہنا تھا کہ یورپی یونین میں تارکین وطن کی آمد کارآمد نہیں رہی اور یورپی بلاک کی بیرونی سرحدیں چھلنی بنتی جا رہی ہیں۔ انہوںنے دعویٰ کیا کہ میں مسائل کو ویسے ہی دیکھتا ہوں، جیسے فرانسیسی عوام ہر روز ان کا حل ڈھونڈ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فرانس کو کم از کم 5سال کا وقت درکار ہے اور دوران تارکین وطن کی آمد کو موخر کرنا ناگزیر ہے۔ اس پورے عمل کے نئے ضابطے مقرر کرنا ضروری ہیں۔ ہمیں ہمسایوں کے ساتھ شینگن معاہدے پر بات کرنے کی ضرورت ہے اور یورپ میں ممکنہ طور پر زیادہ سخت سرحدی کنٹرول نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔ یاد رہے کہ ہنگری کے وزیر اعظم وکٹر اوربام اور یورپ کے دیگر عوامیت پسند رہنما طویل عرصے سے شینگن ویزا کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں۔