سانحہ 12 مئی میں ملوث مبینہ قاتل آج بھی اقتدار پربراجمان ہیں‘پی پی

263

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی اور انفارمیشن سیکرٹری عاجز دھامرہ نے پنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پی پی پی سندھ سانحہ 12 مئی کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، آج کے دن 2007 میں حواس باختہ آمر کراچی کے شہریوں کے قتل پر مکے لہراتا رہا، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے ہتھیار لے کر انہیں ڈنڈے تھما دیے گئے جبکہ دوسری طرف دہشتگردوں نے شہر کو مکمل اپنے کنٹرول میں لے رکھا تھا، 12 مئی کے روز کراچی صابرہ اور شتیلا کے کیمپوں میں ہونے والے ظلم کی تصویر دکھائی دے رہا تھا۔ اس روز پی پی پی کارکنان نے عدلیہ کی آزادی کے لیے جانوں کے نظرانے پیش کیے، پی پی پی رہنماوں کا مزید کہناتھا کہ سانحہ 12 مئی میں ملوث مبینہ قاتل آج بھی اقتدار کی کشتی کے مزے لے رہے ہیں، جبکہ عدلیہ تحریک میں قربانیاں دینے والی جماعت کے قائد شہید ذوالفقار علی بھٹو کی روح آج بھی عدلیہ سے انصاف کی متقاضی ہے۔ عاجز دھامرہ نے سابق ڈکٹیٹر جنرل پرویز مشرف کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ججز نظر بند کرنے والا، عدلیہ تحریک کا گلا گھوٹنے والے مشرف آج بھی آزاد ہے، جبکہ سیاسی کارکنان جیلوں میں نہ کردہ گناہوں کی سزا کاٹ رہے ہیں،عدلیہ کی آزادی میں پی پی پی اور کراچی کے شہریوں کا لازوال حصہ ہے، مگر عدلیہ سے ریلیف پانے والوں میں وہ آمر کے ساتھ ساتھ وہ جماعت بھی رہی ہے جس نے عدالت عظمیٰ پر حملہ کر کے عدلیہ کی آزادی کو نقصان پہنچایا۔ اس موقع پر وقار مہدی نے عمران خان حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت میں عدلیہ مخالف پرویزمشرف کی روح موجود ہے، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف سازش اسی آمرانہ سوچ کا تسلسل ہے۔ جس میں ایم کیو ایم نے 2007 ء کی طرح آج بھی اپنا پورا کردار ادا کیا۔ 12 مئی کے روز ایم کیو ایم نے عدلیہ آزادی تحریک پر شب خون مارنے میں اپنا پورا حصہ ڈالا اور ایم کیو ایم آج بھی اس روایت کو زندہ کیے ہوئے ہے۔