عباس ٹاؤن، شہری کی فائرنگ سے ایک رہزن ہلاک، دوسرا زخمی

202

کراچی (اسٹاف رپورٹر)عباس ٹاؤن میں شہری کی فائرنگ سے ایک رہزن ہلاک جب کہ ایک زخمی ہوگیا،ملزمان شہری سے لوٹ مار کے بعد فرار ہورہے تھے،ٹیپوسلطان پولیس نے مقابلے کے بعد 3ملزمان کو زخمی حالت میںگرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق ابوالحسن اصفہانی روڈ پر عباس ٹاؤن کے قریب 2مسلح رہزنوں نے زوہیب علی نامی شہری سے اسلحے کے زور پر اس کے پاس موجود رقم اور موبائل فون چھین لیااور فرار ہونے کے ارادے سے تھوڑ اآگے بڑھے تو اسی دوران ان کے ہاتھوں لٹنے والے شہری زوہیب نے ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ان میں سے ایک موقع پرہی دم توڑگیا جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ پولیس نے لاش او ر زخمی ملزم کوگرفتار کر کے اسپتال منتقل کر دیا،ملزمان کے پاس سے 2ٹی ٹی پستول، شہری سے چھینی گئی رقم اور موبائل فون برآمد ہوا۔ ادھر ٹیپو سلطان پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد ڈکیتی اور رہزنی کی متعدد وارداتوں میں ملوث 3ملزمان کو گرفتار کرلیا جن میں سے 2مقابلے میں زخمی بھی ہوئے، پولیس کے مطابق انہوں نے ایک رکشے اور موٹرسائیکل پرسوار مشکوک افراد کورکنے کا اشارہ کیا توانہوں نے رکنے کے بجائے فرار ہونے کی کوشش میں پولیس پر فائرنگ شروع کردی۔گرفتار ملزمان سے غیرقانونی 3پستول،ایک موٹر سائیکل اور رکشا برآمدہوا۔