وزیربلدیات نے مختلف علاقوں میں صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا

56

کراچی (اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ سیکرٹری بلدیات سیدنجم شاہ ، ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی لئیق احمد ، ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ زبیر چنا و دیگر ان کے ہمراہ تھے۔ صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے برنس روڈ، پاکستان چوک ، ایم اے جناح روڈ، ٹاور ، ماڑی پور ، لیاری ، لیاقت آباد، سوک سینٹر ، اولڈ سبزی منڈی، گلشن اقبال ، ملیر اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیر بلدیات نے کے ایم سی ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو ہدایات دیں کہ عید کے موقع پر صفائی کے خصوصی انتظامات یقینی بنائے جائیں اور مساجد ، عید گاہوں اور عید اجتماعات کی جگہوں پر خاص انتظامات کیے جائیں تاکہ نمازیوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ کشمیر روڈ عید اجتماع گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کووڈ کی تیسری لہر انتہائی تشویشناک ہے ، اس کو روکنا ہم سب کی ذمے داری ہے، سخت فیصلے خوشی سے نہیں کر رہے، ہمیں لوگوں کی زندگیاں بچانی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عید پر سب کو احتیاط کرنی چاہیے۔