اقوام متحدہ عالمی دہشت گردوں کی کٹھ پتلی بن چکا ہے،ڈاکٹر طارق سلیم

25

راولپنڈی (اسٹاف رپورٹر) امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطار ق سلیم نے کہاہے کہ ہرروز مسجداقصیٰ میں نمازیوں پراسرائیلی فوج کے حملے بدترین دہشت گردی ہے اوراس ظلم پر امن کے ٹھیکیداروںبالخصوص مسلم حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی شرمناک ہے۔ قبلہ اول کی آزادی اوراسرائیل کی حالیہ دہشت گردی پرترکی کے صدررجب طیب اِردوان کا عملی کرداراورتحرک قابل تحسین و تقلید ہے۔ اقوام متحدہ عالمی دہشت گردوں کے ہاتھوں کٹھ پتلی بن چکا ہے۔ نام نہاد سلامتی کونسل اورویٹوپاورزرکھنے والے ممالک دنیا کے امن میں رکاوٹ ہیں۔ مسلم حکمران طاغوتی قوتوں کے غلام بنے رہے تومسلم ممالک کے عوام زیادہ دیرتک اس غلامی کوتسلیم نہیں کریں گے۔تکمیل قرآن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرطارق سلیم نے مزید کہاکہ قبلہ اول کی آزادی کے لیے جدوجہدامہ کی ذمے داری ہے۔مسلم حکمران بے حسی کی قبروں سے نکل کرایمانی غیرت کامظاہرہ کرتے ہوہئے امن کے دشمنوں اورمسلم ریاستوں کوتباہ کرنے والے چندلاکھ دہشت گردوں کے خلاف اعلان جنگ کریں۔