حکومت نہری پانی کی بڑھتی ہوئی چوری کا نوٹس لے ،علی گورایہ

148

فیصل آباد(جسارت نیوز)کسان بورڈکے ضلعی صدرعلی احمدگورایہ نے نہری پانی کی بڑھتی ہوئی چوری کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ انہار کے افسران اور اہلکاران بااثرزمینداروںسے ملکر نہری پانی چوری کرنے کیلیے ناجائز موگے تعمیرکرتے اور موگے توڑ کر پانی چوری کرتے ہیں جس سے غریب کسان کا بری طرح استحصال ہوتاہے اور وہ اسے اپنی فصل کو پانی دینے کیلیے پانی خریدنا پڑتا ہے جس سے اس کی فصل پراخراجات بڑھتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ فیصل آباد میں محکمہ انہار حکام، افسر اور ملازمین نہری پانی کی چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کی روک تھام کے بجائے مبینہ طور پر نہری پانی کی چوری میں ملوث بااثر زمینداروں کو ریلیف دینے اور ان کی پشت پناہی کرنے میں مصروف ہیں محکمہ انہار کے افسر وں اور ملازمین کی جانب سے مبینہ طور پر ملی بھگت کرتے ہوئے نہر ی پانی کی چوری میں ملوث زمینداروں کو شیلٹر فراہم کرتے ہوئے خود انہیں نہری پانی کی کھلے عام چوری کی اجازت دی جاتی ہے۔ بااثر زمینداروں کی جانب سے نہروں کے کناروں پر موٹریں لگاکر اور نہروں کے کنارے توڑ کر مبینہ طور پر نہری پانی سے اپنی فصلوں کو سیراب کیا جاتا ہے جبکہ اپنی باری کا انتظار کرنے والے زمیندا ر پانی کی مکمل مقدار نہ پہنچنے کی وجہ سے مسائل کا شکار بنے رہتے ہیں جبکہ مکمل مقدار میں پانی نہ پہنچنے کی وجہ سے کاشتکاروں کی فصلوں کی پیداوار بھی متاثر ہوجاتی ہے جس سے کاشتکاروں کو نقصان کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جھمرہ کے علاقے سے گزرنے والی راجباہ نہر کا کنارہ توڑ کر بااثر زمینداروں کی جانب سے مکمل طور پر نہر میں پانی کے بہائو کا رُخ تبدیل کردیا گیا اور نہری پانی سے کئی مربع ایکڑ پر محیط اپنی فصلوں کو سیراب کیا جارہا ہے۔ نہری پانی کی چوری کی وارداتوں کی روک تھام اور کاشتکاروں کو درپیش مسائل کے حوالے سے حکام کو متعدد بار آگاہ کیا گیا لیکن حکام کارروائی سے گریزاں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ انہار کے افسروں اور ملازمین کی جانب سے بااثر زمینداروں کو نوازنے اور انہیں پانی چوری کی اجازت دینے کے عوض مبینہ طور پر لاکھوں روپے مالیت کے نذرانے وصول کئے جاتے ہیں جس سے محکمہ کے افسروں اور ملازمین کی جیبیں تو بھرجاتی ہیں لیکن کاشتکار پانی میسر نہ آنے کی وجہ سے مسائل کا شکار رہتے ہیں۔ کسان بورڈ کے ضلعی صدر علی احمدگورایہ نے محکمہ انہار حکام سے مطالبہ کیا کہ نہری پانی کی چوری کے بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام کیلیے فوری طور پر اقدامات عمل میں لائے جائیں تاکہ اس حوالے سے کسانوںکو درپیش مسائل کا خاتمہ ہوسکے۔بصورت دیگرکسان بورڈ محکمہ انہارکے خلاف بھرپوراحتجاج کرے گا۔