سکھر،صفائی کی ناقص صورتحال ،سیوریج کا پانی سڑکوں پر جمع

170

سکھر (نمائندہ جسارت)ماہ رمضان میں صفائی کے ناقص انتظامات ، شہر میں صفائی کی صورتحال خراب ہو گئی ، نالیوں اور گٹروں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے گندہ پانی سڑکوں پر جمع ، شہریوں بالخصوص نمازیوں کو پریشانی کا سامنا ، شکایت کے باوجود کوئی پرسان حال نہیں ، شہری و سماجی حلقوں میں تشویش کی لہر ، ایڈمنسٹریٹر سکھر و دیگر متعلقہ ادارے شہریوں کو درپیش مشکلات سے نجات دلانے کیلیے اپنا کردار ادا کریں ، اصلاح الدین شیخ و دیگر کا اظہار خیال۔تفصیلات کے مطابق مقدس ماہ رمضان المبارک کے ایام کے دنوں میں سکھر انتظامیہ اور پبلک ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی نااہلی کے باعث شہر میں صفائی کی صورتحال انتہائی خراب ہوتی جا رہی ہے شہر میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر جمع ہونے کے بعد اب شہر کے مختلف علاقوں میں گٹروں اور نالیوں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے گندہ پانی سڑکوں پر جمع ہونا روز کا معمول بنتا جا رہا ہے گزشتہ روز انتظامیہ کی مجرمانہ اور صفائی عملے کی لاپرواہی کے باعث سکھر کے مختلف علاقوں غوثیہ مسجد، کپڑا مارکیٹ ،چھنچرگھٹی ، انصاری محلہ ، اہل حدیث مسجد مارچ بازار دیگر رہائشی علاقوں میں جگہ جگہ گندگی غلاظت کے ڈھیر جمع ہو گئے اور نکاسی آب کا نظام بری طرح مفلوج ہوگیا ، صفائی کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر سکھر کے شہری و سماجی تنظیموں کے رہنمائوں اصلاح الدین شیخ و دیگر نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور مطالبہ کیا کہ انتظامیہ ماہ رمضان المبارک کے ایام کے دنوں میں شہریوں کو بلدیاتی و بنیادی سہولیات فراہمی کیلیے اپنا کردار کریں تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات سے چھٹکارا مل سکے۔