اپوزیشن کے ایک دوسرے سے رابطے حکومت مخالف تحریک شروع کرنے کا فیصلہ

170

لاہور(نمائندہ جسارت) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا نوازشریف اور مولانا فضل الرحمن سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ ذرائع ن لیگ کے مطابق تینوں رہنمائوں نے عید الفطر کے فوری بعد حکومت مخالف تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومت کے خلاف فیصلہ کن رائونڈ کے لیے مولانا فضل الرحمن پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتوں کے قائدین سے ملاقاتیں کریں گے۔ شہباز شریف حکومت مخالف تحریک میں مرکزی کردار ادا کریں گے۔ ن لیگ کے مطابق تینوں رہنمائوں کا ایف آئی اے کی جانب سے شہباز شریف کو روکے جانے کے خلاف عدالت جانے پر اتفاق ہوا۔عید الفطر کے بعد پی ڈی ایم کے اہم کی ا سٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں اے این پی اور پیپلزپارٹی کو دعوت دینے پر بھی گفتگو کی گئی۔ اتفاق کیا گیا کہ معاملات طے پانے کی صورت میں پیپلز پارٹی اور اے این پی کو پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں دعوت دی جائے گی۔