وزیراعظم نے سعودیہ سے زکوۃ کے چاولوں کے علاوہ کیا حاصل کیا؟بلاول

186

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ دورہ سعودی عرب پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دورہ سعودی عرب سے وزیرِ اعظم عمران خان نے چاول کے 19 ہزار تھیلوں کے سوا کیا کامیابی حاصل کی؟۔ بلاول ہاؤس میڈیا سیل سے جاری بیان میں بلاول زرداری نے سوال کیا کہ دورہ سعودی عرب سے عمران خان نے زکوٰۃ اور فطرے کی مد میں چاول کے 19 ہزار تھیلوں کو حاصل کرنے کے سوا کیا کامیابی حاصل کی؟،انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب کے اخراجات کا زکوٰۃ کی مد میں حاصل ہونے والے چاولوں کے تھیلوں کی قیمت سے موازنہ کیا جائے۔ انہوںنے کہا کہ عمران خان کی 22 سالہ جدوجہد اگر ایک ایٹمی ملک کو سعودی بادشاہ کے زکوٰۃ کے چاول کے لائق بنانے کے لیے تھی تو خدا کسی کو ایسی جدوجہد کی توفیق نہ دے۔ مرغی 400 روپے کلو سے زاید کرکے عمرے کے لیے سعودی عرب جانے والے عمران خان سے عوام حساب لیں گے۔ انہوں نے وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم صاحب! نوٹس لینے اور انکوائری رپورٹس کے جھانسے دے کر مہنگائی پر قابو پانے کے آپ کے دعوے بے نقاب ہوچکے ہیں، نتھیا گلی میں عید کی چھٹیاں منانے والے وزیراعظم کو علم ہی نہیں کہ وہ ملک کے گلی کوچوں میں تبدیلی کے سونامی سے قیامت برپا کرچکے ہیں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے سوال اٹھایا کہ تنخواہ دار تو کچھ گزارا کر سکتے ہیں مگر عمران خان نے لاک ڈاؤن کے دوران عید میں دہاڑی دار مزدوروں کے گزارے کے لیے کیا پالیسی بنائی ہے؟۔انہوںنے کہا کہ عمران خان غریبوں پر رحم کریں، صرف ایک سال میں بیکری اشیا کی قیمتوں میں 19 فیصد اضافہ ہوچکا ہے، پی ٹی آئی حکومت کے پاس ذخیرہ اندوزوں کو قابو کرنے کے لیے کوئی پالیسی ہی نہیں ہے کم از کم مزید مہنگائی سے تدارک کے لیے سرکاری قیمتوں کے ہی نفاذ کو یقینی بنالیں۔