سندھ میں نماز عید کے اجتماعات کیلیے ایس او پیز جاری

124

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت نے عید الفطرکے لیے کورونا حفاظتی اقدامات جاری کردیے ہیں، وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہناہے کہ عید کے اجتماعات میں عوام کو بہت احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔صوبائی وزرا اور منتخب نمائندوں کو وزیراعلیٰ نے اپنے علاقوں میں جانے سے روک دیا ہے تاکہ کورونا حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد اور مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے۔ حکومت سندھ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ عید الفطرپر عید کی نماز کورونا ایس او پیز کے ساتھ کھلی جگہوں پر پڑھائی جائے، اگر مسجد کے اندر نماز پڑھانا ضروری ہو تو دروازے اور کھڑکیاں کھلی رکھی جائیں، جب کہ مسجد یا کسی بھی کھلی جگہ پر رش کم کرنے کے لیے نماز 2 سے 3 بار پڑھائی جائے اور نماز عید کا خطبہ محدود رکھا جائے، بیمار شہری ، بزرگ افراد اور 15 سال سے کم عمر بچے نماز عید میں آنے سے گریز کریں، عید کی نماز کے لیے آنے والے ماسک لازمی پہنیں۔سرکاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ عید الفطرکی نماز پڑھنے کے لیے آنے والے اپنی جائے نماز ساتھ لائیں اور وضو گھر سے کرکے آئیں جب کہ گلے ملنے اور ہاتھ ملانے سے گریز کریں اور نماز کے بعد ہجوم نہ بنائیں۔ وزیراطلاعات سندھ ناصرحسین شاہ نے عوام سے اپیل کی کہ عید کے دنوں میں سی ویوسمیت عوام کسی تفریحی مقام کارخ نہ کریں سخت فیصلے عوام کی بھلائی کے لیے کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس عید پر چھٹیاں زیادہ دی گئی ہیں، ہمیں گزشتہ سال کی طرح نہیں کرنا، گزشتہ سال عید کے بعد زیادہ کیسز آگئے تھے۔