مسجد اقصیٰ میں آگ لگانا بدترین دہشتگردی ہے، حسین محنتی

150

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے غزہ میں اسرائیلی فورسز کی مسجد اقصیٰ کو نذر آتش کرنے بمباری اور مسلمانوں کے ماہ مقدس رمضان المبارک میں نہتے نمازیوں پر ظلم و تشدد کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے بدترین دہشت گردی قرار دیا ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ سلامتی کونسل اور او آئی سی کے اجلاس فوری طور پرطلب کر کے اسرائیلی درندگی کا نوٹس لیا جائے۔ مسلم امہ ایک امت کا تصور اجاگر کرتے ہوئے مسلمانوں کے قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی اور اسرائیل کے انسانیت سوز مظالم کے خلاف احتجاج اور عالمی ضمیر کو متوجہ کرے۔ مسلم ممالک میں نا اتفاقی کی وجہ سے کشمیرسے فلسطین تک خون مسلم پانی کی طرح بہایا جارہا ہے۔ رمضان کے مبارک مہینے میں مسلمانوں کے قبلہ اول بیت المقدس پر صہیونی فوج کی گولہ باری اور تشددنے انسانیت کی تمام حدیں پار کردی ہیں۔ انسانی حقوق اوربین المذاہب مکالمے کے دعویداروں کی اسرائیلی درندگی پر آنکھیں کھل جانی چاہئیں۔ مغرب نے انسانی حقوق سے لے کر مسلمانوں کے قتل عام تک ہمیشہ دہرا معیار اختیار کر رکھا ہے۔ صوبائی امیر نے زور دیا کہ مسلم امہ بیدار ہو اسرائیلی درندگی کے خلاف بھرپور آواز اٹھائی جائے۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ اور قبلہ اول ملت اسلامیہ کی رگ و جان ہے اس لیے پوری دنیا کے مسلم عوام اپنے قبلہ اول کی بازیابی، مسجد اقصیٰ کے تحفظ اور فلسطین کی آزادی کے لیے ایک آواز ہیں۔