وزیر اعظم کا دورہ سعودی عرب پاکستانی ورکرز کیلیے مضبوطی کا سبب بنے گا ، ایس ایم منیر

269

کراچی(اسٹاف رپورٹر)یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر اورسارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر،ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر اوریونائٹیڈ بزنس گروپ کے چیئرمین افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے کامیاب دورے سے دونوں ممالک کے درمیان معاشی رشتے مزید مضبوط ہوں گے جبکہ وزیراعظم عمران خان کاکامیاب دورہ سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانی تربیت یافتہ ورکرزکے لیے مضبوطی کا سبب بنے گا۔ایس ایم منیر نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے کہا کہ دونوں ملکوں کے 70 سالوں پر محیط تعلقات انتہائی اہم ہیں اوروزیراعظم عمران خان کے اس دورے سے پاکستان اور سعودیہ کے مابین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مددملے گی،سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کی جانب سے پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کی بہتری کے لیے کردار ادا کرنے کا اعلان خوش آئند ہے ‘ سعودی عرب اور پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، سرمایہ کار دونوں ملکوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں جبکہ پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے بھی مثبت اقدامات متوقع ہیں،وزیراعظم کے اس دورے سے دونوں ممالک کے مابین معاشی تعاون، سرمایہ کاری اور تجارت کو بڑھانے میں مدد ملے گی،دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کے حوالے سے تاریخ میں یہ اہم ترین دورہ ہے ،سعودی عرب میں بہت سے پاکستانی کام کرتے ہیں ،یہ پاکستانی سعودی عرب کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اورپاکستان میں ترسیلات بھیجنے کا موثر ذریعہ ہیں۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا دیرینہ دوست ہے جس نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کاساتھ دیاہے اوروزیراعظم عمران خان کے حالیہ دورہ سے باہمی تعلقات مزید مضبوط ہو گئے ہیں،یہ حقیقت ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے مشکل وقت میں پاکستان کو سپورٹ کیا،۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں 20لاکھ سے زائد پاکستانیز کام کررہے ہیں۔