چھوٹے تاجروں نے بھی عید الفطر سے قبل کاروبار کھولنے کی اجازت مانگ لی

172

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کی تاجر برادری نے حکومت سندھ سے عید الفطر سے قبل بدھ اور جمعرات کو دو روز کے لیے کاروبار کھولنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔کراچی کے تاجر نمائندوں اور تاجر تنظیموں کے عہدیداروں نے آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن رجسٹرڈ کے صدر شرجیل گوپلانی سے ملاقات کی اور تاجر برادری کی مشکلات کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن رجسٹرڈ کے صدر شرجیل گوپلانی نے وفد کے اراکین سے کہا کہ وہ موجودہ کورونا وبا کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورت حال میں پوری تاجر برادری کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کافی عرصے سے شہر کے کاروباری حالات خراب ہیں اس پر مستزاد یہ ہے کہ کورونا کی وبا اور لاک ڈاؤن کے باعث مارکیٹوں میں کاروباری دن اور اوقات محدود تھے۔ عید کے سیزن کے باعث مارکیٹوں میں عید سے متعلق اشیا کی مانگ ہوتی ہے اور رمضان میں چاند رات تک خریداروں کا رش ہوتا ہے۔