سعودی دورے سے کیا ملا؟ بلاول بھٹو کا سوال

160

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ دورہ سعودی عرب سے وزیرِ اعظم عمران خان نے چاول کے 19 ہزار تھیلوں کے علاوہ کیا کامیابی حاصل کی؟

تفصیلات کے مطابق کراچی سے جاری کیے گئے بیان میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہےکہ وزیرِاعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے اخراجات کا موازنہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ دورے کے اخراجات کا زکوٰۃ کی مد میں حاصل ہونے والے چاولوں کے تھیلوں کی قیمت سے موازنہ کیا جائے،  عمران خان کی 22 سالہ جدوجہد ایٹمی ملک کو زکوٰۃ کے چاول کے لائق بنانے کیلئے تھی؟

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہےکہ دعا ہے کہ خدا کسی کو ایسی جدوجہد کی توفیق نہ دے،  عمران خان سے عوام حساب لیں گے، وزیرِاعظم صاحب! نوٹس لے کر مہنگائی پر قابو پانے کے آپ کے دعوے بے نقاب ہو چکے ہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم کو علم ہی نہیں کہ وہ تبدیلی کے سونامی سے قیامت برپا کرچکے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے سوال کیا کہ تنخواہ دار تو کچھ گزارا کر سکتے ہیں، عمران خان نے دہاڑی دار مزدوروں کے لیے کیا پالیسی بنائی ہے؟

انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِ اعظم غریبوں پر رحم کریں، صرف ایک سال میں بیکری اشیاء کی قیمتوں میں 19 فیصد اضافہ ہو چکا ہے،  حکومت کے پاس ذخیرہ اندوزوں کو قابو کرنے کیلئے کوئی پالیسی ہی نہیں۔