امریکہ میں کم عمر بچوں کو ویکسین لگانے کی اجازت مل گئی

275

واشنگٹن: امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے فائزر بائیو این ٹیک کووڈ 19 ویکسین کی 12 سے 15 سال کے کم عمر بچوں کے لیے استعمال کی اجازت دے دی ہے۔

بین الاقوامی میڈیاکے مطابق صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ وائرس کے خلاف ہماری جنگ میں یہ ایک امید افزا پیشرفت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ ایسے والدین ہیں جو اپنے بچوں کو محفوظ رکھنا چاہتے ہیں یا آپ ایک ٹین ایجر ہیں جو ویکسی نیشن کرانا چاہتے ہیں، آج کا فیصلہ اس مقصد کو پانے کی طرف ایک قدم ہے۔

خیال رہے  فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے اس سے قبل 16 اور سے زائد عمر کے افراد کے لیے فائزر بائیو این ٹیک کے ہنگامی استعمال کی اجازت دی تھی۔

فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کے بائیولوجکس ایویلیو ایشن اینڈ ریسرچ سینٹر کے ڈائریکٹر پیٹر مارکس کا کہنا ہے کہ کم عمر بچوں کے لیے ویکسین کی اجازت کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے عوام کی صحت کے حوالے سے شدید دباؤ کو کم کرنے کی کوششوں کی طرف ایک انتہائی اہم قدم ہے۔

ایف ڈی اے کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے پندرہ لاکھ کیسز امریکہ کے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن میں یکم مارچ 2020 سے 30 اپریل 2021 تک  11 سے 17سال کی عمر کے بچوں میں رپورٹ ہوئے ہیں۔

واضح رہے فائزر اور اس کے پارٹنر بائیو این ٹیک نے مارچ میں کہا تھا کہ ان کی دو خوراکیں 12 سے 15 سال کے دو ہزار 260  بچوں پر ٹرائل میں محفوظ اور انتہائی موثر ثابت ہوئی ہیں۔

صدر جو بائیڈن نے گذشتہ ہفتے ویکسی نیشن کا دائرہ کار 12 سے 15 سال کی عمر کے بچوں تک بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا تھا، انہوں نے کہا تھا کہ حکام اس پر فوری عمل کروانےکی تیاری کریں ۔

یاد رہے کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات کے اعتبار سے 10 سرِ فہرست ممالک میں 33 کروڑ سے زائد آبادی کا حامل امریکا تا حال پہلے نمبر پر ہے جہاں اس وائرس سے اب تک 5 لاکھ 96 ہزار 179 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 3 کروڑ 35 لاکھ 15 ہزار 308 ہو چکی ہے۔

کورونا وائرس کے امریکا میں 64 لاکھ 11 ہزار 702 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 8 ہزار 777 کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 2 کروڑ 65 لاکھ 7 ہزار 427 کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔