سندھ کی زمینوں پر قبضے کے خلاف عید کے بعد عملی جدجہد کا اعلان

153

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے سندھ کی زمینوں پر مختلف اسکیموں کے نام سے ہونے والے غیر قانونی قبضے کے خلاف عید کے بعد سندھ بھرمیں دیگر تنظیموں کے ساتھ عملی جدوجہد کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ ہم اپنی مادر وطن کی ایک ایک انچ کی حفاظت کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ سندھ میں ترقی کے نام پر بحریہ ٹا¶ن ، ڈی ایچ اے ، ذوالفقار آباد سمیت دیگر ا سکیمیں بناکر قبضے کی سازش کی جارہی ہے، قبضہ کرکے غیر مقامی افراد کو آبادکیاجارہا ہے جس کے خلاف ہم نہ صرف سیاسی جدوجہد کریں گے بلکہ عدالتی اور سفارتی محاذ پر لڑیں گے۔ ڈاکٹر قادر مگسی نے کہاکہ ملک ریاض کی کیا حیثیت ہے کہ وہ سندھ کی زمینوں پر قبضہ کرے مگر پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت اس کی پشت بانی کررہی ہے ،کراچی جام شورو، دادو، ٹھٹھہ کی زمینوں پر مقامی وڈیروں ور جاگیرداروں کی مدد سے جعلی کھاتے بناکر ساٹھ سال پرانے کھاتوں میں رد بدل کرکے زمینوں کو سرکاری ظاہر کرکے بلڈر مافیا کے قبضہ گروپ کو الاٹ کیاجارہاہے۔ انہوںنے کہاکہ یہ بات اچھی طرح سمجھ لینی چاہیے کہ اگر اسی طرح زمین پر قبضے ہوتے رہے تو سندھ کا حال بھی فلسطین جیسا ہی ہوگا۔انہوںنے کہاکہ ہم اپنے مادر وطن کے خلاف ہر سازش کو ناکام نادیں گے اورعید کے بعد سندھ بھر میں جدوجہد کا آغاز کیاجائے گا۔