پاکستان امریکا کو ائر بیس یا اڈے نہیںدے رہا، شاہ محمود قریشی

253

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کا امریکا کو ائر بیس یا اڈے دینے کا کوئی ارادہ نہیں، اس حوالے سے قیاس آرائیاں کی جارہی ہے۔ نئی امریکی انتظامیہ سے بہترتعلقات چاہتے ہیں، امریکا نے افغانستان میں پاکستان کے کردارکوسراہا ہے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے تاریخی نوعیت کے تعلقات ہیں، ہرمشکل وقت میں برادر ملک نے ساتھ دیا۔ سعودی عرب کا کشمیرکے حوالے سے کردارڈھکا چھپا نہیں۔ تنازع کشمیرکے معاملے پر تھرڈ پارٹی سے بھارت نے ہمیشہ انکارکیا، میرے خیال میں بھارت ثالثی کے لیے تیارنہیں، دوایٹمی قوتیں جنگ نہیں کرسکتی واحد راستہ گفتگوہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ ہمارا محبت کا رشتہ ہے، وزیراعظم نے اپنا نقطہ نظرسعودی عرب کوسمجھایا، وزیراعظم کے 3 روزہ دورے میں ہم نے اپنی سمت کا تعین کرلیا، عید کے بعد سعودی عرب سے وفد پاکستان آئے گا، سعودی وزیرخارجہ بھی آئینگے۔ سعودی عرب بھی افغانستان میں امن چاہتا ہے۔ ہمسایہ ملک کے معاملات میں مداخلت نہیں کر رہے، خدانخواستہ اگر وہاں انارکی پھیلی تو ہمیں بھی نقصان ہو گا، افغانستان کا مسئلہ جنگ نہیں مذاکرات سے ہی حل ہوگا۔ پاکستان کے امت مسلمہ کے ساتھ اس وقت بہترین تعلقات ہیں، قطر، یمن، ایران کے ساتھ تعلقات میں بہتری آرہی ہے، پاکستان کے چین کے ساتھ تاریخی تعلقات ہے اور رہیں گے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مسجد اقصیٰ میں ظلم کیا گیا،مذمت کرتے ہیں، سعودی عرب میں اسرائیل کے حوالے سے کوئی گفتگونہیں ہوئی۔