کوئی بھی شخص آئین سے بالاتر نہیں، عثمان بزدار

155

لاہور(آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔ کوئی قانون سے بالاتر نہیں، قانون سب کیلئے برابر ہے۔ صوبے میں قانون کی عملداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت ہر گز نہیں دیں گے۔ صوبے میں قانون کی عملداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انتقامی کارروائی کی ہے نہ کسی کے خلاف کریں گے۔ ہم انتقام پر نہیں بلکہ بلاتفریق احتساب، شفافیت اور میرٹ پر یقین رکھتے ہیں اور تحریک انصاف کی حکومت ہر سطح پر کرپٹ مافیا کا بلاامتیاز احتساب جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ سابق دور میں مافیا کو کھلی چھٹی دی گئی۔ ماضی کی حکومتوں نے میرٹ کے نام پر اقرباء پروری کے کلچر کو فروغ دیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ میرٹ اورانصاف کے تقاضوں کے مطابق حکومتی امور سرانجام دے رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کورونا کی صورتحال کے پیش نظر پنجاب میں لاک ڈاؤن 16مئی تک جاری رہے گا۔ صورتحال کا روزانہ جائزہ لے رہے ہیں اور عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانا پہلی ترجیح ہے۔ عید تعطیلات کے دوران شہریوں کو مزید احتیاط کرنا ہوگی۔