مسلم حکمران بزدل ہو گئے‘ فلسطینیوں کو جھکایا نہیں جا سکتا‘ نصر اللہ رندھاوا

202

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا نے کہا ہے کہ فلسطین کئی روز سے جنگ زدہ علاقہ بنا ہوا ہے جب کہ قابض اسرائیلی فوج گزشتہ کئی ہفتوںسے فلسطینیوں پر حملے کرکے ان کے حوصلے پست کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ مظلوم فلسطینیوں اور بیت المقدس کے حوالے سے پاکستان کو واضح اور دو ٹوک موقف اختیار کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیت المقدس پوری امت مسلمہ کا مسئلہ ہے۔ عالم اسلام کے حکمران بزدلاور بے حس ہو گئے ہیں۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلم حکمران اُمت کی حقیقی ترجمانی کریں اور اسرائیل کے معاشی بائیکاٹ کا اعلان کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی زون نمبر3کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل زبیر صفدر اور ناظم زون غلام سرور بھی مو جو د تھے ،نصراللہ رندھاوا نے کہامسجد اقصیٰ مسلمانوں کے مقدس ترین مقامات میں سے ایک اور قبلہ اوّل ہے، فلسطینی عوام کو ظلم وجبر کے ذریعے ہر گز غلام نہیں بنایا جاسکتا، فلسطینی اپنے خون سے آزادی کی تاریخ رقم کر رہے ہیں، ان کی آزادی کی جدوجہد رائیگاں نہیں جائے گی، انھوں نے کہاوہ دن دور نہیں اسرائیل اور اس کے اتحادی فلسطینیوں کے جذبہ کے آگے گھٹنے ٹیک دیں گے اور اپنی آخری سانس تک فلسطینی دین کی سربلندی اور اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کرتے رہیں گے ۔