ٹنڈوالہیار، ٹرینوں پر رش،ایس او پیز کی دھجیاں اڑادی گئیں

128

 

ٹنڈوالٰہیار (نمائندہ جسارت) ملک میں کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے ملک گیر لاک ڈاؤن کے تحت سفری پابندیاں عائد ہیں اوربین الصوبائی ٹرانسپورٹ کے علاوہ انٹرا سٹی ٹرانسپورٹ پرمکمل پابندی ہے،ٹرانسپورٹ پرپابندی کے باعث ٹرینوں پررش بڑھ جانے کی وجہ سے کورونا ایس اوپیز کی دھجیاں اڑا دی گئیں۔ سندھ حکومت کے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق کراچی سمیت سندھ کے تمام شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ پر ایک ہفتے کے لیے پابندی عائد ہے، صوبے میں شہروں کے اندر بھی بس، منی بس، کوچز اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی ہے۔ بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر عائد ہونے والی پابندی کے بعد عید الفطرکا تہوار اپنے گھرمنانے کے لیے کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں سے اندرون ملک مختلف علاقوں کا رخ کرنے والے مسافروں کی سہولت کے لیے ریلوے نے خصوصی ٹرینیں چلائی ہیں لیکن تمام عید اسپیشل ٹرینوں کے علاوہ دوسری ٹرینوں میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی عام ہوگئی ہے۔ ریلوے کی جانب سے ٹرینوں میں بکنگ ایس او پیز کے تحت کی گئی ہے لیکن اپنی منزل مقصود پر پہنچنے کی وجہ سے ٹرینیں لوگوں سے کھچا کھچ بھری ہوئی ہیں اور مسافر ٹرینوں کے فرش کے علاوہ دروازوں میں نیچے بیٹھ کر سفر کررہے ہیں۔ مسافروں کے رش کی وجہ سے ٹرینوں میں ایس او پیز کا نفاذ ریلوے عملے کے لیے ناممکن ہوگیا ہے۔ پاکستان ریلوے میں ایس او پیز نام کی کوئی چیز فالو نہیں ہورہی ہے، مسافروں سمیت ٹرینوں میں کھانے پینے کا سامان بیچنے والے ماسک تک استعمال نہیں کررہے۔ ٹرینوں پر ملی بھگت سے گنجائش سے زیادہ مسافر سفر کررہے ہیں، جہاں رش کی وجہ سے واش روم جانا بھی محال ہے، ٹرینوں کے اندر اور اسٹیشنوں پر مسافروں کو اشیا خورونوش تین گنا زیادہ قیمت پر مل رہی ہیں، کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔