لاڑکانہ، فوج کی نگرانی میں لاک ڈائون، ایک دکان سیل

181

 

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں کورونا وائرس کے پیش نظر لاک ڈائون، ضلعی انتظامیہ نے کارروائی کرکے ایک دکان کو سیل کردیا جبکہ پاک فوج کی نگرانی میں لاک ڈائون کا عمل دوسرے روز بھی جاری رہا۔ سندھ کے دیگر شہروں کی طرح لاڑکانہ میں بھی کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر 9 مئی سے 16 مئی تک اعلانیہ مکمل لاک ڈائون پر عمل درآمد کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر کے بندر روڈ، شاہی بازار، ریشم گلی، اسٹیشن روڈ، رائل روڈ، پاکستانی چوک سمیت دیگر بازاروں اور مارکیٹوں کا دورہ کرکے لاک ڈائون اور ایس او پیز کا جائزہ لیا جس دوران ایک دکان کو سیل بھی کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق اگر تاجروں نے اسی طرح تعاون کیا تو بہت جلد لاڑکانہ میں کورونا وبا پر کنٹرول کیا جاسکتا ہے، جس کے لیے ایس او پیز عملدرآمد ضروری ہے۔ دوسری جانب پاک فوج کی نگرانی میں ضلعی انتظامیہ نے دوسرے روز بھی شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ بھی کیا۔