پنگریو، پھلیلی کینال کی شاخوں میں وارہ بندی کاشیڈول جاری

147

پنگریو (نمائندہ جسارت) محکمہ آبپاشی نے پانی کی قلت کاجوازپیش کرکے ضلع بدین کی ششماہی پھلیلی کینال کی سب ڈویژنوں میں بھی پانی کی وارہ بندی کرنے کاشیڈول جاری کردیا ہے جس پرضلع کے کاشتکار سراپا احتجاج بن گئے ہیں اور ضلع کے کاشتکاروں کی تنظیم ضلع بچائو تحریک نے عیدکے بعد ضلع بھرمیں احتجاجی مظاہرے، دھرنے دینے اور پیدل مارچ کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں ضلع بچائو تحریک کے کنوینر میر نور احمد تالپور و دیگر رہنمائوں خدا ڈنو شاہ، عزیز اللہ ڈیرو، قنبر علی شاہ اور دیگر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ششماہی نہروں میں چند روز قبل ہی پانی کی فراہمی شروع ہوئی ہے۔ ششماہی نہروں پر دھان کی بوائی شروع ہونے سے قبل ہی محکمہ آبپاشی نے پانی کی وارہ بندی کرنے کاشیڈول جاری کردیا ہے جوکہ کاشتکاروں کوکسی صورت میں قبول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ششماہی نہروں میں پانی کی وارہ بندی کا محکمہ آبپاشی میں تصور ہی نہیں ہے، قانونی طور پر ششماہی نہروں میں نہ تو وارہ بندی ہوسکتی ہے اورنہ ہی پانی کی فراہمی بند کی جاسکتی ہے مگرمحکمہ آبپاشی نے ضلع بدین میں ششماہی نہروں میں وارہ بندی کرکے قانون اور ضوابط کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ششماہی نہروں کے ہزاروں کاشتکاروں کا ذریعہ معاش دھان اور خریف کی دیگر فصلوں سے ہونے والی آمدنی پر ہوتا ہے مگرمحکمہ آبپاشی نے ضلع بدین کی ششماہی نہروں کاپانی بند کرکے کاشتکاروں کا معاشی استحصال کیا ہے جس کیخلاف عیدالفطرکے بعدضلع بدین بھرمیں احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی اور مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کرنے کے علاوہ پیدل مارچ اوردھرنے بھی دیے جائیں گے۔