میرپورخاص،خدمت خلق فائونڈیشن کا 800خاندانوں میں راشن بیگز تقسیم

230

میرپورخاص(این این آئی)خدمت خلق فائونڈیشن کے تحت مقامی ہال میں منعقدہ راشن بیگز کی تقسیم کی تقریب کے موقع پر وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و رکن رابطہ کمیٹی سید امین الحق نے صحافیوں سے بات چیت کے دوران میرپورخاص میں کے کے ایف کے تحت جدید سہولیات سے آراستہ اسپتال کے قیام کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں مکمل لاک ڈائون پر تحفظات ہیں، اسمارٹ لاک ڈائون کی حمایت کرتے ہیں۔کورونا سے متاثرہ مریضوں کے لیے جدید سہولیات اور وینٹی لیٹرز سے آراستہ کوروناسینٹر قائم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ عزت نفس کو ملحوظ رکھتے ہوئے رضاکاران رات کے اوقات میں ضروت مندوں کے گھروں پر راشن بیگز پہنچائیں گے۔مقتدر حلقے خدمت خلق فائونڈیشن پر غیر اعلانیہ پابندی ختم کریں۔ادارے کو آزادی کے ساتھ دکھی انسانیت کی خدمت کرنے دی جائے۔ میرپورخاص میں یونیورسٹی،کیڈٹ کالج اور سندھ ہائی کورٹ بینچ کا جلد قیام عمل میں لایا جائے۔سرکاری اداروں اور کالجز کے تعاون سے بہت جلد میرپورخاص میں سوفٹ ویئر ٹیکنالوجی زون قائم کرکے ٹریننگ پروگرامز کا آغاز کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کی قدیم سندھی آبادیوں کو خالی کرانے میں حکومت سندھ کا ہاتھ ہے۔