بھارت پر نئی مہلک بیماری کا حملہ‘ ہزاروں افراد متاثر

276

نئی دہلی(انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت میں کورونا وائرس سے بے حال شہری اب بلیک فنگس نامی بیماری میں مبتلا ہونے لگے۔ خبررساں اداروں کے مطابق میوکر مائیکوسس یا بلیک فنگس نامی بیماری کا شکار ہونے والے افراد میں بڑی تعداد ان لوگوں کی ہے، جوکورونا سے متاثر ہونے کے بعد صحت یاب ہوچکے تھے۔ اس بیماری کی وجہ سے لوگوں کی بینائی ختم ہوتی جارہی ہے اور دیگر سنگین طبی پیچیدگیاں بھی پیدا ہو رہی ہیں، جس کے بعد بالآخر وہ مر جاتے ہیں۔ گجرات، مہاراشٹر، بنگلور، حیدرآباد، پونے اور دہلی میں بلیک فنگس کے ہزاروں متاثرین سامنے آچکے ہیں۔ ان میں کئی افراد کی جان بچانے کے لیے مجبوراً ان کی آنکھ نکال دی گئی، جب کہ بعض لوگوں کے جبڑے کا آپریشن کرنا پڑا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ کوئی متعدی بیماری نہیں ہے۔ یہ ان لوگوں میں زیادہ تیزی سے پھیلتی ہے جن کی قوت مدافعت کمزور ہوجاتی ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق آنکھوں میں سوجن اور ناک میں سیاہ پپڑی جیسی ابتدائی علامتیں ظاہر ہونے کے بعد متاثرہ شخص کی فوراً تشخیص کے بعد علاج شروع کرادینا چاہیے۔ بخار، کھانسی، سردرد، سانس لینے میں پریشانی، خون کی قے، دانتوں میں درد، سینے میں تکلیف بھی بلیک فنگس کی ابتدائی علامتیں ہیں۔