فرانس میں تحفظ ماحولیات کے لیے ملک گیر مظاہرے

162
فرانس: ماحولیاتی تحفظ کے لیے شہری ریلی نکال رہے ہیں

پیرس (انٹرنیشنل ڈیسک) فرانس میں ماحولیاتی تحفظ کے لیے سرگرم تنظیموں نے صدر عمانویل ماکروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ آلودگی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے تدارک کے لیے مزید اقدامات کریں۔ مختلف شہروں میں ہزاروں مظاہرین نے سڑکوں پر مارچ کیا اور صدر ماکروں سے عالمی حدت سے نمٹنے کے سلسلے میں مزید اقدمات کا مطالبہ کیا۔ احتجاج میں کئی غیر سرکاری تنظیموں، ٹریڈ یونینوں اور طلبہ نے حصہ لیا۔ذرائع ابلاغ کے مطابق مظاہروں کے منتظمین نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک بھر میں تقریبا 160 پروگرام منعقد کیے گئے، جن میں ایک لاکھ سے زیادہ شہریوں نے حصہ لیا۔ ادھر پولیس کا دعویٰ ہے کہ احتجاج میں 50ہزار سے کم لوگ شریک تھے۔ پیرس میں کارکن پیٹریکا سامون کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے تحت اسمبلی پہلے ہی بل کی منظوری دے چکی ہے، تاہم انہیں ماکروں کے دور صدارت سے بہت مایوسی ہوئی ہے۔ بل میں ان تمام داخلی پروازوں کو بند کرنے کی ہدایت دی گئی ہے جو ڈھائی گھنٹے یا اس سے کم دورانیے کی ہوں اور جہاں ٹرین سے سفر کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ بل میں زیادہ توانائی خرچ کرنے والی عمارتوں کی از سر نو مرمت کی تجاویز بھی موجود ہیں۔ ماکروں نے انتخابی مہم کے دوران ماحولیاتی اصلاحات پر ریفرنڈم کرانے کا وعدہ کیا تھا، تاہم اب وہ اس سے مکر گئے ہیں۔