اسلام آباد(کامر س ڈیسک)اسلام آباد چیمبر کے سابق صدر اورچیمبر آف ا سمال ٹریڈرز کے سابق سرپرست شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ دنیا میں ای کامرس کی سب سے بڑی ویب سائیٹ ایمازون کی منظور شدہ سیلر لسٹ میں شامل ہونا ایک بڑی کامیابی ہے جو پاکستان کے لیے گیم چینجر ثابت ہو سکتا ہے۔ اس سے مہنگا ایکسپورٹ سیٹ اپ نہ رکھنے والے چھوٹے کاروبار، نوجوانوں اور خواتین بھی برآمدات کے قابل ہو جائیں گی جس سے انھیں با اختیار بنانے میں مدد ملے گی۔کاروباری برادری ایمازون کے نظام سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنا کاروبار پھیلائے۔شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ تاجر اس پلیٹ فارم کو بھرپور طریقے سے استعمال کریں جبکہ حکومت سامان بیرون ملک بھجوانے والی کمپنیوں کی آمدنی پر عائد ہونے والے ٹیکس کی وضاحت کرے تاکہ انکے خدشات دور ہوں اور وہ سکون سے کام کر سکیں۔آغاز میں ہی اس کاروبار پر زیادہ ٹیکس عائد کیا گیا تو یہ موقع بھی ہاتھ سے نکل جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ حکومت پاکستان پوسٹ کے نظام کو بہتر بنائے تاکہ برآمدی سامان کی ترسیل کے اخراجات کم ہو سکیں۔

پ