عالمی وبا کے دوران مسلسل 6 سیریز جیتنا بڑی کامیابی ہے، احسان مانی

227
کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا ہے کہ نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل قومی  اسکواڈ نے متعدد مواقع پر بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا ہے تاہم اب بھی کئی شعبوں میں بہتری کی گنجائش موجود ہے۔2023  تک تمام طرز کی کرکٹ میں ٹاپ تھری پوزیشن کے حصول کے لئے ہمیں ابھی مزید محنت کی ضرورت ہے۔بیان میں  چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے دوران مسلسل 6 سیریز جیتنا بڑی کامیابی ہے، ماضی کی طرح  ہمیں ایک مرتبہ پھر دنیا کی بہترین ٹیم بننے کے لئے اپنے کھیل کے معیار کو بڑھانے اور تمام ٹیموں خصوصا دنیا کی سب سے بہترین ٹیموں کے خلاف ان کی سرزمین  پر کامیابیاں حاصل کرنے کی  ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کوویڈ19 کی پابندیوں کے باعث کٹھن حالات کا بہادری سے مقابلہ کرنے پر کھلاڑیوں اور سپورٹ  اسٹاف کا شکریہ ادا کرتے ہیں، کھلاڑیوں کے لئے طویل عرصہ اپنے اہلخانہ اور دوستوں سے دور رہنا اور پھر عمدہ کارکردگی کی وابستہ توقعات پر پورا اترنا  آسان نہیں تھا۔ چیئرمین پی سی بی کا کہنا ہے کہ حال ہی میں ہم نے چند انٹرنیشنل کرکٹرز پر بائیو سکیور ماحول کے اثرات دیکھے ہیں تاہم اس دوران ہمارے کھلاڑیوں نے کمال مزاحمت، ذہنی پختگی اور اعصابی مضبوطی کا ثبوت دیا جو ٹیم کے اتحاد اور گرائونڈ میں عمدہ کارکردگی کا سبب بنا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ہمیشہ کھیل کے فروغ اور اس کی ترقی کے لئے آواز بلند کرتے رہے ہیں اور انہیں خوشی ہے کہ ان مشکل حالات کے باوجود ہماری ٹیم نے کھیل کی ترقی میں اپنا ایک نمایاں حصہ ڈالا ہے۔