انٹر سٹی بس ڈرائیور سمیت سنگین جرائم میں ملوث 48 گرفتار

244

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی پولیس نے شہر کے مختلف مقامات پر کی گئی کارروائیوں میں48ملز مان کو گرفتار کرلیا،گرفتار شدگان میں کار چور باپ بیٹے اورلاک ڈائون میں انٹر سٹی بس چلانے والے ڈرائیور اور کنڈکٹر بھی شامل ہیں، تفصیلات کے مطابق اسٹیل ٹاؤن پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد ایک رہزن کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا،تاہم اس کے 2ساتھی فرار ہوگئے ۔سمن آباد پولیس نے ڈکیتی و رہزنی اورمنشیات فروشی کی وارداتوں میں ملوث 2ملزمان اطہر ولد مظفر اقبال اورکامران ولد ستار کو گرفتار کرلیا۔گلبرگ پولیس نے منشیات فروشی میں ملوث3 ملزمان کوگرفتار کرلیا۔ رضویہ سوسائٹی پولیس نے انٹر سٹی ٹرانسپورٹ پر پابندی کی خلاف ورزی میں ملوث بس ڈرائیور اختر علی ولد کریم بخش اورکنڈیکٹر صالح کوگرفتار کرلیا. پاپوشنگر پولیس نے 8 جواریوں کوگرفتار کرلیا۔ کراچی پولیس کے اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل گڈاپ نے کاروں اور موٹرسائیکل کی چوریوں میں ملوث 5ملزمان کو گرفتار کرلیا۔شیر شاہ پولیس نے برف فیکٹری پر قبضہ کرنے والے 12 ملزمان کو اسلحے سمیت گرفتارکرلیا ۔گرفتار ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے، ملزمان نے گلبائی پر رفیق میمن نامی شخص کی فیکٹری پر قبضہ کیا،قبضے کے دوران چوکیدار سمیت 4 افراد کو اغوابھی کیا،بحریہ ٹائون کی جانب سے گوٹھ کی زمین پر مبینہ قبضے میں ملوث 13 ملزمان کوگرفتار کرلیا۔ بحریہ ٹائون کی جانب سے گوٹھ کی زمین پر مبینہ قبضے کے دوران احتجاج کرنے والوں پر فائرنگ کا مقدمہ درج کرکے بحریہ ٹائون کے سیکورٹی گارڈز سمیت 13ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ عید گاہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل لفٹنگ کی وارداتوں میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 2 مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں، پولیس نے بتایا ہے کہ گرفتار ملزمان عادی جرائم پیشہ ہیں اور ملزم نور احمد کے خلاف اس سے قبل بھی ایف آئی آر نمبر 413/2020 بجرم دفعہ 6/9-B تھانہ عیدگاہ میں درج ہے،ملزمان کے قبضے سے برآمد چوری شدہ موٹر سائیکل 125 سی سی نمبری KMT-5421 کی ایف آئی آر نمبر 146/2021 بجرم دفعہ 381-A تھانہ میٹھادر میں درج ہے،برآمد چوری شدہ موٹر سائیکل 125 سی سی نمبری SLG-9603 کی ایف آئی آر نمبری 58/2021 بجرم دفعہ 381-A تھانہ سٹی کورٹ میں درج ہے، گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں متعدد موٹر سائیکل چھینے اور چوری کرنے کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے، گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ ملزمان کا مزید کرمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جارہا ہے۔