نارتھ کراچی، نیوکراچی میں تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن

156

کراچی (اسٹاف رپورٹر)نارتھ کراچی اور نیوکراچی میں تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن ،کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ناگن چورنگی پر باب غازی میںقائم گارمنٹ مارکیٹ کو سیل کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی سینٹرل غلام مرتضیٰ تبسم ملک کی ہدایت پر ایس پی اعجازالدین کی سربراہی میں نیوکراچی ،گبول ٹاؤن ،سرسید ودیگر تھانوں کی پولیس اور اینٹی انکروچمنٹ ٹیم کے ایم سی سینٹرل کے ڈائریکٹر کامران علوی، ڈپٹی ڈائریکٹر یونس خان ،فیصل شیرازی ،انسپکٹر روشن کھرارا ،پولیس افسر سلیم صدیقی ودیگر نے ناگن چورنگی، یوپی موڑ ،پانچ نمبر سندھی ہوٹل ودیگر علاقوں میں تجاوزات کیخلاف بھرپور آپریشن کیا اور فٹ پاتھوں پر رکھے کیبن ،ٹھیلوں، ہوٹل کی ٹیبل کرسیوں ودیگر سامان کو ضبط کرلیا اور پتھاروں کا خاتمہ کردیا۔ اس موقع پرایس پی اعجاز الدین نے دکانداروں کو تنبیہ کی کہ وہ اپنی دکانوں کی حدود میں کاروبار کریں، فٹ پاتھ پر تجاوزات قائم کرنے سے گریز کریں، علاوہ ازیں اسسٹنٹ کمشنر نیوکراچی نعیم سومرو نے ناگن چورنگی پر ایس او پیز کی خلاف ورزی پر صدیق اکبر مسجد کے قریب باب غازی میں قائم گارمنٹ کی مارکیٹ کو سیل کر دیا۔