بلاول عالمی تعلقات میں چنگاریاں لگانے سے باز رہیں،خرم شیر

158

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سند ھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ نابالغ بلاول کا وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب پر تنقید ظاہر کرتا ہے بلاول اپنے حواس کھوچکے۔ بلاول زرداری کا عقیدہ ہے جھوٹ اتنا بولو کہ سچ لگے۔وزیراعظم عمران خان کی عالمی شہرت و عزت دیکھ کر بلاول زرداری کا دل رنجیدہ ہوچکا ہے۔ بلاول اپنے بیانات کی شعلہ بازی سے پاکستان کے بین الاقوامی تعلقات میں چنگاریاں لگانے سے باز رہیں۔ پیپلز پارٹی نے ملک کو تاریخی قرضوں کی طرف دھکیلا ہے۔ بلاول کو مشورہ ہے باہمت بنیں اور سندھ کے عوام سے ایک ٹیلیفونک سیشن کرلیں، بلاول کو اپنی حیثیت کا علم ہوجائیگا۔ ان خیالات کا اظہار خرم شیر زمان نے پارٹی سیکرٹریٹ انصاف ہاؤس سے جاری اپنے بیان میں کیا۔ خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ بلاول زمینوں پر قبضے،منی لانڈرنگ اور کمیشن کے بجائے سندھ کی ترقی کا سوچیں۔پیپلز پارٹی کا دور اقتدار پاکستانی قوم کیلیے شرمندگی کا سبب بنتا ہے۔ آج سندھ کے عوام اپنے بنیادی حقوق کے لیے سراپا احتجاج ہیں۔ بلاول کی سندھ حکومت نے سندھ کے لوگوں کو محرومیوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان کے دیگر ممالک سے تعلقات مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔