بالائی علاقوں میں عید پر بارشوں کی پیشگوئی، الرٹ جاری

317

کراچی: محکمہ موسمیات نے عید کے دنوں میں بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئےالرٹ جاری کردیا ہےالرٹ میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں عید کے روز گرج چمک کے ساتھ بارشیں برسنے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کے مطابق عید کے دنوں میں موسم خوشگوار رہے گا اور خطہ پوٹھوہار، گجرات ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ،فیصل آباد اور لاہورمیں آندھی گرد آلود ہوائیں چلنے، گرج چمک کے ساتھ مزید بارش متوقع ہےجبکہ ملتان ، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور کے اضلاع میں آندھی گرد آلود ہوائیں چلنے کاامکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، دیر، مردان ،چارسدہ ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بنوں،وزیرستان اورکرم میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

پنجاب میں بارشوں کے پیش نظر جہاں ایک طرف محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کیا ہے تو وہیں دوسری جانب بارش ہونے کی وجہ سے کمشنر لاہور نے تمام محکموں کو الرٹ کر دیا ہے اور اس سلسلے میں لاہور میں ضلعی انتظامیہ و بلدیہ عظمیٰ کے افسران کوفیلڈ میں موجود رہنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔

کمشنر لاہور نے ضلعی انتظامیہ و بلدیہ عظمیٰ کے افسران کو ہدایت جاری کی ہے کہ تیز ہواؤں سے درخت گرنے کی صورت میں فوری راستے کلیئر ہونے چاہئیں۔

کمشنرلاہور نے ہدایت جاری کرتے ہوئے مزید کہا ہے کہ نکاسی آب کے لئے درکار مشینری کو مکمل فعال رکھا جائے اس سلسلے میں شہریوں سے اپیل ہے کہ غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلیں جبکہ  لیسکو، واسا، ایم سی ایل و دیگر محکمے فیلڈ میں موجود رہیں گے۔

دوسری جانب کراچی میں محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران تیز ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ شہرِ قائد میں موسم گرم، مرطوب اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔