ٹافی سے شروع ہونے والے الیکشن کا مٹھائی پر اختتام

452

کراچی(اسٹاف رپورٹر)مفتاح ٹافی سے شروع ہونے والے الیکشن کا اختتام سعید غنی کی مٹھائی پر ہوگیا۔قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 کے ضمنی انتخاب میں کامیابی پر وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے لیگی امیدوار مفتاح اسماعیل کے گھر مٹھائی بھجوائی۔ مفتاح ٹافی سے شروع ہونے والے الیکشن کا اختتام غنی مٹھائی پر ہوگیا۔

کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 کے ضمنی انتخاب میں دوبارہ گنتی پر بھی جیت پیپلزپارٹی کے حصے میں آئی۔ اس موقعے پر وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے لیگی امیدوار مفتاح اسمعیل کے گھر مٹھائی بھجوائی۔ صوبائی وزیر سعید غنی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ویڈیو بھی جاری کردی اور ساتھ ہی پیغام میں لکھا کہ انہوں نے اپنا وعدہ پورا کردیا ہے۔

صوبائی وزیر سعید غنی نے کس وعدے کی طرف اشارہ کیا ہے یہ تو نہیں بتایا لیکن یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما مفتاح اسماعیل نے اپنی انتخابی مہم کو منفرد بنانے کے لیے مفتاح ٹافی متعارف کرائی تھی اور انہیں بذات خود بچوں اور بڑوں میں تقسیم بھی کیا تھا۔

مفتاح اسماعیل نے 14 ہزار 747 ووٹ حاصل کیے جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار قادر خان مندوخیل کو ان پر 909 ووٹوں کی برتری حاصل رہی ہے۔ 29 اپریل کو اس حلقے کے ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کے امیدوار قادر مندوخیل کامیاب ہوئے تھے۔ مفتاح اسماعیل اور قادر مندوخیل کے درمیان 683 ووٹوں کا فرق تھا۔ جس پر لیگی رہنما کی جانب سے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ ماضی میں یہ حلقہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) رہنما فیصل واوڈا کا تھا۔ 2018 کے عام انتخابات میں فیصل واوڈا یہاں سے ایم این اے منتخب ہوئے تھے۔ حالیہ سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے سے قبل پی ٹی آئی رہنما نے یہ نشست چھوڑ دی تھی۔