روہڑی میں مکمل لاک ڈاؤن ،دکانداروں اور پولیس میں آنکھ مچولی

123

سکھر (نمائندہ جسارت) روہڑی میں مکمل لاک ڈائون کا پہلا روز، شہر کی دکانداروں اور پولیس میں آنکھ مچولی کا سلسلہ چلتا رہا، گردونواح میں جزوی لاک ڈائون، پولیس موبائل آنے پر دکانیں بند کردی جاتی ہیں گزر جانے کے بعد پھر دکانیں کھل جاتی ہیں، لاک ڈائون کے اعلان کے بعد شہر میں سناٹا رہا، دکاندار گاہکوں کی راہ تکتے رہے، تاجر برادری کا ایس او پیز کے تحت کاروبار کی مشروط اجازت دینے کا مطالبہ۔ روہڑی میں صوبائی حکومت کی جانب سے لاک ڈائون کے پہلے روز صبح سویرے کچھ کاروبار کھلا تو پولیس نے پہنچ کر کاروبار بند کروا دیا جس کے بعد دکانداروں اور پولیس کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ چلتا رہا جبکہ پولیس موبائل سے دکانیں بند کرنے، ماسک پہننے کے اعلانات ہوتے رہے۔ پولیس کے متحرک ہونے کے بعد شہر میں خریداری کے لیے آنے والے بچے کچے افراد بھی واپس لوٹ گئے، شہر صرف میڈیکل اسٹور، بیکری، پرچون، سبزی کی دکانیں کھلی رہیں جبکہ درزی حضرت اور دیگر دکاندار گاہکوں کی راہ تکتے رہے جبکہ روہڑی کے نواحی علاقوں علیواہن، لوکو شیڈ، نیویارڈ، کندھرا، صالح پٹ میں بھی پولیس اور رینجرز نے کاروبار بند کروا کر مکمل لاک ڈائون کروا دیا۔