سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کو ادویات بھی میسر نہیں، عبدالقدوس

242

بدین (نمائندہ جسارت) ٹنڈو باگو دارالعلوم جامعہ کوثر میں افطار ڈنر کا اہتمام، جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی جنرل عبدالقدوس احمدانی ودیگر کا خطاب۔ سندھ حکومت نے سندھ کو تباہ و برباد کر دیا ہے، جماعت اسلامی ہی حقیقی تبدیلی لاسکتی ہے عبدالقدوس احمدانی۔ بدین ضلع کے نواحی شہر ٹنڈوباگو میں دارالعلوم جامعہ کوثر میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری عبدالقدوس احمدانی نے کہا کہ سندھ بے امنی، مہنگائی، بے روزگاری کی لپیٹ میں آچکا ہے، سندھ کے عوام حکومت کی موجودہ صورتحال سے مطمئن نہیں ہیں۔ روٹی، کپڑا اور مکان کے نعرے لگانے والوں نے عوام کو کچھ نہیں دیا۔ الیکشن جیتنے کے بعد منتخب ارکان اپنے حلقے سے غائب ہوجاتے ہیں، ضلع کے عوام زرعی پانی کی وجہ سے پریشان ہیں، زمین بنجر ہوتی جارہی ہیں، آبادگاروں کے ساتھ نا انصافی کی جارہی ہے، لوگوں کے لیے پینے اور مردوں کو غسل دینے کے لیے پانی بھی دستیاب نہیں ہے، جو حکومت عوام کو پانی کی قلت پورا نہیں کرسکتی وہ عوام کی کیا خدمت کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کو ادویات بھی میسر نہیں اور سرکاری اسکولوں کی عمارتیں تباہ ہوگئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی ہی حقیقی تبدیلی لاسکتی ہے، جماعت اسلامی کے پاس تربیت یافتہ افراد موجود ہیں۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ٹنڈوباگو کے امیر پروفیسر علی احمد بلیدی، سابق امیر ضلع محمد حسن بلیدی، دارالعلوم جامعہ کوثر کے مدیر نذیر احمد بلیدی، پروفیسر گل حسن بلیدی، غلام رسول بلیدی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔