حکومت پاکستان اسٹیل آکسیجن پلانٹ کو بحال کرے‘ خالد خان

173

پاکستان اسٹیل ملازمین کو ملازمتوں پر بحال کر کے پاکستان اسٹیل کی بحالی کا عمل شروع کیا جائے۔پاکستان اسٹیل کی نجکاری قبول نہیں۔ یہ بات صدر نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی خالد خان نے پاکستان اسٹیل ملز ایکشن کمیٹی کے تحت اسٹیل ٹاؤن میں یوم بدر اور یوم مزدور کے سلسلے میں منعقدہ افطارپارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی اور نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان اسٹیل کے محنت کشوں کے ساتھ ہے۔ آپ کا مقدمہ ہر فورم پر لڑیں گے۔ اس موقع پر صدر پاسلو عاصم بھٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسٹیل انتظامیہ آکسیجن پلانٹ کی بحالی میں رکاوٹیں پیدا کررہی ہے۔ کورونا وبا کے دوران انتظامیہ کا آکسیجن پلانٹ کی بحالی میں رکاوٹیں پیدا کرنا سنگین معاملہ ہے مقتدر حلقوں کو نوٹس لینا ہوگا۔ رمضان المبارک کے مہینے میں پاکستان اسٹیل کے ہزاروں برطرف ملازمین انتہائی مشکل حالات سے گزر رہے ہیں۔ چیف جسٹس صاحب اسٹیل مل کیس کی فوری سماعت کرکے ملازمین کو بحال کریں۔ ہم حکومت کے غیر قانونی اور غیر انسانی فیصلوں کو نہیں مانتے۔ عید کے بعد ان شاء اللہ جدوجہد کو مزید تیز کریں گے۔ افطار پارٹی سے جنرل سیکرٹری پاسلو علی حیدر گبول، پروگریسیو یونین کے صدر اکبر ناریجو، انصاف یونین کے سلیم گل، فنکشنل لیگ کے عبدالحق چنا اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔