EOB چیئرمین اظہر حمید کے لیے دوبارہ تقرری کی سازش

315

ای او بی آئی کے چیئرمین اظہر حمید مدت ملازمت پوری ہونے پر ریٹائر ہوگئے تھے۔ وفاقی حکومت ایک ڈرامہ انٹرویو کے بعد موصوف کو دوبارہ مقرر کررہی ہے۔ اس سلسلے میں جسارت کا سروے حاضر خدمت ہے۔
شمس الرحمن سواتی
نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی نے کہا ہے کہ EOBI چیئرمین کی تقرری کے لیے اسٹیج سجایا گیا ہے۔ تقرری کے لیے تمام ضابطوں کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ مزدوروں کے لیے بنائے گئے فلاحی اداروں کے فنڈز پر حکمرانوں نے ہمیشہ ہاتھ صاف کیا۔ جب اظہر حمید چیئرمین تھے تو ایک پریس کانفرنس میں مَیں نے ان کی مزدور دشمن پالیسیوں اور کرپشن کو اجاگر کیا تھا۔ ہمیں نہیں معلوم کہ وفاقی وزیر زلفی بخاری اظہر حمید کی تقرری کے لیے کیوں بے چین ہیں۔ کورونا کے زمانہ میں موصوف اسلام آباد میں آرام کرتے رہے اور TA/DA وصول کیا۔ نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان دیگر مزدور تنظیموں کو ساتھ لے کر اظہر حمید کی تقرری کے خلاف احتجاج کرے گی۔ شمس الرحمن نے اس مسئلہ پر وزیراعظم کو خط بھی لکھا ہے۔
چودھری عبدالرحمن
متحدہ لیبر فیڈریشن پنجاب کے چیئرمین چودھری عبدالرحمن نے کہا ہے کہ EOBI کا فنڈ مزدوروں کی امانت ہے۔ جب مزدور اظہر حمید کو دیانتدار اور امین نہیں سمجھتے تو دوبارہ تقرر نہ کیا جائے۔ اظہر حمید نے ملازمت کا عرصہ پورا کرلیا ہے اور over بھی ہیں تو پھر تقرر کرنے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اظہر حمید کے دور میں سیکشن 35 کے تحت انہیں ایک سال تک التوا کا شکار رہیں۔ ہم نے ویلفیئر فنڈز کی اسکیمیں سپریم کورٹ سے بحال کروائیں اگر اظہر حمید کو دوبارہ رکھا گیا تو دادرسی کے لیے عدالت سے رجوع کریں گے۔ انہوں نے تجویز دی کہ مذکورہ مسئلہ پر وزیراعظم اور دیگر کو شکایتی خطوط لکھے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ زیادتی کے خلاف احتجاج کرنے اور جدوجہد سے ہی کچھ حاصل ہوگا۔
خائستہ رحمن
پاکستان فوڈز ورکرز فیڈریشن کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری خائستہ رحمن نے اظہر حمید کی دوبارہ تقرری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیا دوسرا شخص EOBI کا چیئرمین مقرر نہیں ہوسکتا۔
طاہر طیب
نیشنل لیبر فیڈریشن ملتان کے رہنما طاہر طیب نے کہا کہ احتجاج سے قبل مختلف وزرا کو اظہر حمید کے حوالے سے بات چیت کی جائے جس کے بعد وزراء سرکاری سطح پر بات کرسکیں۔
ارشد یوسفزئی
ارشد یوسفزئی صدر پریم یونین (سی بی اے) کوئٹہ ڈویڑن جنرل سیکرٹری این ایل ایف بلوچستان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان بھر کے محنت کش مزدور دشمن راشی اظہر حمید کو دوبارہ یو بی آئی کا چیئرمین قبول نہیں کریں گے اور ملک بھر میں اس کے خلاف احتجاج کیا جائے گا این ایل ایف پاکستان اس اقدام کے خلاف احتجاج کا اعلان کرے اور ایک خط کے ذریعے اس راشی اظہر حمید کو دوبارہ یو بی آئی کا چیئرمین بننے کی مخالفت اور مزدوروں میں اس حوالے سے پائی جانے والی بے چینی سے وزیراعظم عمران خان کو آگاہ کرے اور اس مزدور دشمن شخص کو چیئرمین بننے سے روکنے میں اپنا کردار ادا کرے۔
شکیل احمد شیخ
نیشنل لیبر فیڈریشن سندھ کے جنرل سیکرٹری شکیل احمد شیخ نے کہا ہے کہ EOBI میں مزدوروں کا اربوں روپے کا فنڈ ہے جس پر وفاقی وزیر زلفی بخاری کی نظریں لگی ہوئی ہیں۔ اظہر حمید کے دوبارہ آنے پر نیشنل لیبر فیڈریشن بھرپور احتجاج کرے گی۔ ممبران پارلیمنٹ اور اعلیٰ حکام کو احتجاجی خطوط روانہ کریں گے۔ مزدوروں کو حکمرانوں نے لاوارث چھوڑ دیا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت میں مزدوروں کے ساتھ انصاف کیا جائے۔
میاں شہباز احمد
پاکستان روڈ ٹرانسپورٹ ورکرز فیڈریشن کے صدر، فیصل آباد لیبر فیڈریشن کے چیئرمین اور پاکستان ورکرز فیڈریشن پنجاب کے سابق چیئرمین میاں شہباز احمد نے کہا ہے کہ EOBI میں کنٹریبیوشن بڑھے گی تو پنشن میں اضافہ ہوگا۔ EOBI کے سابق چیئرمین اظہر حمید کے خلاف ادارہ کے افسران نے محاذ بنا رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کے خلاف کرپشن کے الزام ہین تو اس کو سامنے لایا جائے۔ EOBI کرپشن کے حوالے سے بہت مشہور ہے جس کی روک تھام کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف مزدور رہنما جدوجہد کریں۔
محمد اقبال
متحدہ لیبر فیڈریشن KPK کے صدر اور EOBI گورننگ باڈی کے ممبر اور بورڈ آف ٹرسٹیز کے ممبر محمد اقبال نے کہا کہ اظہر حمید کے دور میں پنشن دو مرتبہ خاطر خواہ طور پر بڑھی ہے۔ میں 2013ء سے EOBI میں اہم عہدوں پر مزدوروں کی نمائندگی کررہا ہوں۔ ماضٰی میں پنشن بہت کم بڑھتی تھی۔ جہاں تک کرپشن کا تعلق ہے تو کرپشن ہمارے خون میں رچ بس گئی ہے۔ اگر واقعی اظہر حمید کرپشن میں ملوث ہے تو اس پر اسٹیک ہولڈر بات چیت کریں۔