عید اسپیشل: محکمہ ریلویز کا مزید ٹرینیں چلانے کا فیصلہ

354

کراچی: محکمہ ریلویز نے بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر عائد ہونے والی پابندی کے بعد شہریوں کے لیے سہولت کے طورپر مزید ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ ریلوے نے مختلف شہروں سے مزید 66 ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہےجبکہ تمام عید اسپیشل ٹرینیں کورونا ایس او پیز کے تحت چلائی جائیں گی۔

محکمہ ریلویز کا کہنا ہے کہ فیصل آباد سے لاہور کے لیے چار عید اسپیشل ٹرینیں چلائی جائیں گی، لاہور سے فیصل آباد کے لیے چار عید اسپیشل ٹرینیں چلیں گی جبکہ پشاور سے 7 عید اسپیشل ٹرینیں راولپنڈی کے لیے چلائی جائیں گی، راولپنڈی سے بھی 7 عید اسپیشل ٹرینیں پشاور کے لیے روانہ ہوں گی۔

محکمہ ریلویز کے مطابق  ملتان سے چار عید اسپیشل ٹرینیں فیصل آباد کے لیے چلائی جائیں گی، کراچی کینٹ سے 10 سے 16 مئی کو صبح 9 بجے 7 عید اسپیشل ٹرینیں حیدرآباد پہنچیں گی، انہی تاریخوں میں ٹرینیں حیدرآباد سے دوپہر ایک بجے روانہ ہوکر کراچی کینٹ پہنچا کریں گی۔

دوسری جانب کوٹری سے بھی 10 سے 16 مئی کو 7 عید اسپیشل ٹرینیں رات 7 بجکر 45 منٹ پر کوٹری سے روانہ ہوکر میرپورخاص پہنچا کریں گی، انہی تاریخوں پر ٹرینیں میرپورخاص سے صبح 4 بجکر 30 منٹ پر روانہ ہوکر کوٹری ریلوے اسٹیشن پہنچیں گی۔

واضح رہے محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ پربھی پابندی عائد ہوگی جبکہ محکمہ انٹرسٹی اور انٹر پروونشل ٹرانسپورٹ پر بھی مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔