ماہ مضان مسلمانوں کے لیے فتح اور کامیابیوں کی نوید لاتا ہے

221

کھڈرو (نمائندہ جسارت) رمضان کا مہینہ جدوجہد اور فتوحات، رحمتوں اور برکتوں کا مبارک مہینہ ہے۔ اس ماہ میں اللہ اپنے بندوں کی بخشش کا فیصلہ فرماتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ کے رہنما علامہ مولانا ظہیرالدین بابر جتوئی نے کھڈرو میں جماعت اسلامی کے زیرِ اہتمام افطار ڈنر پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان کی ایک رات جسے لیلۃالقدر کی رات کہا گیا ہے کہ وہ ہزار مہینوں سے بہتر ہے ، اسی ماہ مبارک میں اسلام و عدل کے علمبردار محمد بن قاسم نے سندھ کو ظلم اور جبر کے چنگل سے آزاد کرایا اور باب الاسلام ہونے کا شرف بخشا ، اسی ماہ مبارک میں اللہ پاک نے مسلمانوں کو بدر کے میدان میں مٹھی بھر مسلمانوں کو اپنے سے تین گنا لشکر پر کامیابی اور فتح سے ہمکنار کیا اور مکہ فتح ہوا۔ گویا ماہ رمضان مسلمانوں کے لیے فتح اور کامیابیوں کی نوید لے کر آتا ہے ، اس ماہ میں نیکی کا اجر 70 سے 700 گنا تک بڑھا دیا جاتا ہے نفل کا ثواب فرض کے برابر ہوجاتا ہے اور رب پاک کی رحمتیں اور برکتیں نازل ہوتی ہیں، خوش نصیب ہیں وہ لوگ جنہوں نے اس ماہ مبارک سے خوب خوب فائدہ اٹھایا نوافل و نمازوں کا اہتمام کیا تلاوت قرآن مجید اور تراویح کا بھی اہتمام کیا ، ہمیں اپنے ملک کے استحکام کے لیے جدوجہد اور دعا بھی کرنا چاہیے۔ ظالموں، ظلم کے نظام سے نجات اور عدل کے نظام کے غلبہ کے لیے جدوجہد اور عزم کا اظہار کرنا چاہیے، اپنی اور تمام دوست و احباب کی بخشش اور آسانیوں کے لیے دعا کرنا چاہیے۔ پروگرام میں امیر جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ رفیق منصوری، امیر جماعت اسلامی کھڈرو عبدالمجید ملک، مشتاق ملک، عبداللہ سومرو، چاندین ملک سمیت کارکنان، صحافی، سیاسی و سماجی شخصیات سمیت سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔