پی پی لاڑکانہ کی نااہل قیادت کو فوری ہٹایا جائے، شاہدہ بھٹو

149

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلز پارٹی لاڑکانہ کے رہنماؤں، صوبائی مشیروں و وزیروں کی ناقص کارکردگی کیخلاف پی پی کے جیالے و جیالیاں احتجاج کرنے پریس کلب لاڑکانہ پہنچ گئیں۔ احتجاج کرتے ہوئے شاہدہ بھٹو، حسینہ بھٹو، الٰہی بخش شیخ و دیگر کا کہنا تھا کہ لاڑکانہ پی پی کی مقامی قیادت پارٹی کارکنوں کے مسائل حل کرنے میں مکمل ناکام ہوگئی ہے، اس لیے اس نااہل قیادت کو فوری ہٹایا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پارٹی چیئرمین بلاول ملاقات کے لیے وقت دیں تاکہ ان کے سامنے شکایات لائیں کہ کس طرح لاڑکانہ میں پی پی کارکنوں کے ساتھ زیادتیاں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے ایم این ایز و ایم پی ایز بات سننے کو تیار نہیں، نہ ہی کوئی راشن و دیگر مدد کی جارہی ہے۔ بلاول زرداری سے بھی ملاقات میں پارٹی کے سینئر ترین لوگوں کو باہر رکھا جاتا ہے جو باعث افسوس ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ پارٹی کو نقصان پہنچانے والے رہنماؤں کیخلاف کارروائی کرکے ایک مرتبہ چیئرمین سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔