عابد علی کی ناقابل شکست ڈبل سنچری، پاکستان کی ہرارے ٹیسٹ پر گرفت مضبوط

306
ہرارے: نعمان علی دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز زمبابوے کیخلاف شاٹ کھیلتے ہوئے

ہرارے(جسارت نیوز)عابد علی کی ناقابل شکست ڈبل سنچری کی بدولت پاکستان کی ہرارے ٹیسٹ پر گرفت مضبوط ہو گئی۔ دوسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 510 رنز 8 کھلاڑی آئوٹ پر ڈکلیئر کر دی۔ عابد علی نے 215 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ نعمان علی نے 97 رنز بنائے۔ بلیسنگ مزرابانی نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ زمبابوے نے کھیل کے اختتام پر52 رنز 4 وکٹیں گنوا دیں اور اسے فالو آن کی خفت سے بچنے کیلئے 259 رنز درکار ہیں۔ ریجس چکابا 28 رنز پر ناٹ آئوٹ ہیں۔ ہفتہ کو ہرارے ا سپورٹس کلب میں ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 268 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو عابد علی 118 اور ساجد خان ایک رن پر ناٹ آئوٹ تھے۔ ساجد خان 20 رنز بنانے کے بعد ڈونلڈ تریپانو کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے۔ محمد رضوان بھی لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 21 رنز بنانے کے بعد ٹینڈائی چسرو کا نشانہ بن گئے۔ حسن علی7ویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو بغیر کوئی رن بنائے لیوک جونگوے کی گیند پر چکابا کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے۔ اس موقع پر نعمان علی نے عابد علی کا بھرپور ساتھ دیا اور دونوں نے8ویں وکٹ میں 169 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا اسکور 510 تک پہنچا دیا۔ عابد علی نے دوسرے روز بھی شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور 407 گیندوں پر 215 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 29 چوکے شامل تھے۔ یہ ان کے کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری ہے۔ نعمان علی 97 رنز بنا کر ٹینڈائی چسرو کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے۔ اس طرح پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 510 رنز 8 کھلاڑی آئوٹ پر ڈکلیئر کر دی۔ بلیسنگ مزرابانی نے 3 اور ٹینڈائی چسرو نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ زمبابوے نے دوسرے روز کھیل کے اختتام 4 وکٹوں کے نقصان پر 52 رنز بنا لئے اور اسے فالو آن کی خفت سے بچنے کیلئے مزید259 رنز درکار ہیں۔ زمبابوے کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور اس کی پہلی وکٹ صفر کے پر گر گئی جب تاریسائی مسکنڈا تابش خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ 23 کے مجموعی اسکور پر زمبابوے کو دوسرا نقصان اٹھانا پڑا، اوپنر کیون کسوزا 4 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ کپتان برینڈن ٹیلر بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 9 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کا نشانہ بن گئے۔ ملٹن شومبا چوتھے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 2 رنز بنا کر ساجد خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ ریجس چکابا 28 اور ٹینڈائی چسرو ایک رن پر ناٹ آئوٹ ہیں۔ حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، تابش خان اور ساجد خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔