یورپی یونین کا ویکسین کی بڑی کھیپ خریدنے پر اتفاق

191

برسلز (انٹرنیشنل ڈیسک) یورپی یونین نے فائزر بائیو این ٹیک ویکسین کی بڑی کھیپ خریدنے پر اتفاق کرلیا۔ یورپی کمیشن کی صدر ارزولا فان ڈیئرلائن نے اپنی ٹوئٹ میںکہا کہ ان کے دفتر نے 1.8ارب ویکسین کی خوراکوں کی منظوری دے دی ہے، جو 2برس کے دوران
بتدریج حاصل کی جائیںگی۔ انہوں نے رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ کورونا ویکسین کی برآمدات میں اضافہ کریں۔ ارزولا فان نے یورپی یونین کے سربراہ اجلاس کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین جملہ حقوق سے عارضی استثناکی تجویز پر کھلے ذہن سے بات چیت کے لیے تیار ہے۔ یہ تجویز ترقی پزیر ممالک نے ویکسین کے حصول کی نجی کوششوں کے سلسلے میں پیش کی ہے۔ تاہم قلیل یا درمیانی مدت میں عارضی استثناسے مسائل حل نہیں ہوں گے اور اس سے ویکسین کی ایک خوراک بھی حاصل نہیں ہو پائے گی۔ دوسری جانب یورپی رہنماؤں نے کہا ہے کہ یورپی یونین کو رکن ریاستوں میں کورونا وائرس وبا کی وجہ سے بڑھنے والی غربت اور کورونا ویکسین کی تقسیم میں عدم مساوات کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرنا ہو گا۔ خبررساں اداروں کے مطابق وبائی بحران کے بعد سے یورپی معیشت کی تعمیر نو کے معاملے میں رہنما بدستور اختلاف رائے کا شکار ہیں۔ یورپی اداروں کے سربراہان نے غربت کے خاتمے کے لیے ایک لائحہ عمل ترتیب دیا ہے۔