امریکی وزیر خارجہ کا سلامتی کونسل کے ارکان کو بھاشن

150

نیویارک (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ارکان پر زور دیا ہے وہ دیگر ممالک کی خودمختاری کا احترام کریں۔ سلامتی کونسل کے آن لائن اجلاس میں بھاشن دیتے ہوئے بلنکن نے کہا کہ تمام امور میں انہی قواعد کی پابندی کی جائے جن پر رکن ممالک متفق ہو چکے ہیں، تاکہ غلط تاثر پیدا نہ ہونے پائے۔ تاہم کوئی ملک بین الاقوامی نظام کو
خطرے میں ڈالے گا تو امریکا کی جانب سے مزاحمت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جب اقوام متحدہ کے ارکان اور خاص طور پر سلامتی کونسل کے مستقل ارکان قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہیں تو اس سے یہ تاثر پیدا ہوتا ہے کہ دیگر ممالک بھی ان قواعد کو توڑ سکتے ہیں۔ بلنکن نے مزید کہا کہ اختیار ات منوانے کا یہ مطلب نہیں کہ ریاست کو اپنے باشندوں کو غلام بنانے، اذیت دینے، غائب کر دینے، نسل کشی یا انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنے کی کھلی چھوٹ مل جاتی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل چین اور روس نے بین الاقوامی برادری کی جانب سے اندرونی معاملات پر تنقید کو اندرونی امور میں مداخلت قرار دیا تھا۔ چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا کہ دنیا دیکھنا چاہتی ہے کہ امریکا اپنی سمت تبدیل کرتے ہوئے کیا کردار ادا کرتا ہے۔