پی پی امیدوار کو ووٹ دینا اپنے پائوں پر کلہاڑی مارنا ہے، راشد محمود

141

بدین (نمائندہ جسارت) جمعیت علماء اسلام کے صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا راشد محمود سومرو اپنی جماعت کے نامزد امیدوار پی ایس 70 ماتلی مولانا گل حسن کی انتخابی مہم کے سلسلے میں ماتلی پہنچے۔ انہوں نے مدرسہ جامعہ قاسمیہ میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کیا۔ جے یو آئی کے رہنما نے پی پی کی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پی پی کی پالیسیاں ہمیشہ عوام دشمن اور سندھ دشمن ہی رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ لینے کے لیے پی پی نعرے اور جھوٹے وعدوں کے انبار لگا دیتی ہے اور ووٹ لینے کے بعد ان کا حال تک معلوم کرنے کی روادار نہیں ہوتی۔ مولانا راشد محمود سومرو نے کہا کہ سندھ کے عوام یہ سوچ کر پی پی کو ووٹ دیتے ہیں کہ ان کے بچوں کا مستقبل محفوظ ہوگا لیکن ان کو پی پی حکومت بدلے میں بھوک بدحالی کے تحفے کے علاوہ کچھ نہیں دیتی۔ انہوں نے تعلقہ ماتلی کے ووٹرز کو کہا کہ وہ اب 70 سالہ تاریخ کو توڑیں اور پی پی مخالف امیدوار پی ایس 70 ماتلی کے مولانا گل حسن کو اپنا ووٹ دے کر کامیاب کریں۔ انہوں نے کہا کہ پی پی کے امیدوار کو ووٹ دینا اپنے پائوں پر کلہاڑی مارنے کے مترادف ہے۔