وزیراعظم عمران خان کی شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ،تمام شعبوں میں تعلقات کو وسعت دینے کا عزم

273
مدینہ: وزیراعظم عمران خان کے سعودی عرب پہنچنے پر گورنر مدینہ امیر فیصل بن سلمان خیرمقدم کررہے ہیں

ریاض‘جدہ(اے پی پی+آن لائن)وزیر اعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعظم عمران خان نے دورہ سعودی عرب کے دوران گزشتہ روز سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود سے جدہ میں ملاقات کی اور دوطرفہ،علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے مخلصانہ خواہشات کا اظہار کیا اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے انہیں دورہ سعودی عرب کی دعوت دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں حرمین شریفین کی زیارت کا موقع فراہم کرنے پر اظہار تشکر کیا۔دونوں رہنمائوں نے اس موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان مشترکہ تعاون کے مذہبی ، مشترکہ اقدار ، باہمی اعتماد اور پائیدار روایات کے حامل مضبوط اور تاریخی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیر اعظم نے سعودی عرب کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے لیے پاکستان کے تعاون کا اعادہ کرتے ہوئے حرمین شریفین کی سرزمین سے اہل پاکستان کی عزت اور تکریم سے آگاہ کیا۔ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے باہمی سیاسی،اقتصادی،تجارتی،دفاعی اور سلامتی سے متعلق امور سے متعلق موجودہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر رضامندی کا اظہار کیا۔اس موقع پر پاکستان میں سعودی عرب کی جانب سے سرمایہ کاری،توانائی کے شعبے میں تعاون اور پاکستانیوں کے لیے سعودی عرب میں ملازمتوں کے مواقع بڑھانے پر خصوصی زور دیا گیا۔وزیر اعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے حال ہی میں شروع کی گئی ’’سرسبز سعودی عرب‘‘ اور ’’سرسبز مشرق وسطیٰ‘‘ اقدام کو سراہا اور توقع ظاہر کی سعودی ولی عہد کے اس وژن اور پاکستان میں ان کے شروع کیے گئے10 ارب سونامی ٹری ماحولیات سے متعلقہ منصوبے میں باہمی تعاون سے تقویت ملے گی۔سعودی عرب میں20 لاکھ سے زاید پاکستانی تارکین وطن کے مثبت اور تعمیری کردار کا اعتراف کرتے ہوئے دونوں رہنمائوں نے انسانی وسائل کے شعبے میں تعاون سے زیادہ سے زیادہ باہمی فوائد اٹھانے کے حوالوں سے مختلف راہوں پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر اعظم نے کووڈ 19 کے دوران سعودی عرب میں پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر سعودی قیادت کا شکریہ اداکیا۔ملاقات کے دوران علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔وزیر اعظم نے قومی اقتصادی ترقی کے مقاصد آگے بڑھانے کے لیے پرامن ہمسائیگی کے اپنے وژن سے آگاہ کیا۔انہوں نے بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ کشمیر کی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تنازع کشمیر کے پرامن حل کی ضرورت ہے۔وزیر اعظم نے افغانستان میں مفاہمت اور امن عمل کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں پر بھی روشنی ڈالی ۔ وزیر اعظم عمران خان نے خادم حرمین شریفین کے علاقائی امن اور سلامتی کے لیے سعودی عرب کے کردار اور اقدامات کو بھی سراہا۔ملاقات کے بعد وزیر اعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد نے سعودی پاکستان سپریم کوآرڈی نیشن کونسل (ایس پی ایس سی سی)کے قیام کے لیے معاہدے پر بھی دستخط کیے، اس کونسل جس کی سربراہی وزیر اعظم پاکستان اور سعودی ولی عہد مشترکہ طور پر کریں گے کہ قیام کا مقصد پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعلقات کی ترقی کو تزویراتی سمت دینا ہے۔وزیر اعظم عمران خان نے اس توقع کا اظہار کیا کہ کونسل تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔دونوں رہنما جرائم سے نمٹنے،سزایافتہ قیدیوں کے تبادلے، منشیات اور ممنوعہ کیمیکلز کی اسمگلنگ کے حوالے سے معاہدوں کے علاوہ 500 ملین ڈالرز کے توانائی، پن بجلی، انفرااسٹرکچر، ٹرانسپورٹ اور کمیونی کیشن اور آبی وسائل کی ترقی کے حوالے سے منصوبوں کی فنانسنگ کے لیے مفاہمت کی یادداشتوں کے فریم ورک سمیت مختلف دو طرفہ معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخطوں کے موقع پر بھی موجود تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو جلد دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔قبل ازیں وزیر اعظم کا جدہ ائر پورٹ پہنچنے پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پرتپاک خیر مقدم کیا۔ علاوہ ازیںوزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ملاقات کی۔وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ شاہ محمود قریشی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر وزیر اعظم عمران خان کے سعودی عرب کے 3 روزہ دورے کے دوران وزیر اعظم کے ساتھ ہیں ۔وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے مابین خوشگوار تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی اپنی باہمی خواہش کا اعادہ کیا ۔دونوں وزرائے خارجہ نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے باہمی تعلقات کے تمام پہلوئوںکا جائزہ لیا۔ انہوں نے موجودہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس ملاقات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے تجارت، سرمایہ کاری، انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ، توانائی، سیاحت اور افرادی قوت سمیت باہمی دلچسپی کے شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزرائے خارجہ نے وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ دورے کے دوران طے پانے والے سعودی پاکستان سپریم کوآرڈی نیشن کونسل معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے نتیجہ خیز بنانے اور دو طرفہ تعلقات کے استحکام کے لیے بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا۔ کونسل کی سربراہی وزیر اعظم عمران خان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلطان مشترکہ طور پر کریں گے۔سعودی پاکستان سپریم کوآرڈی نیشن کونسل کا دائرہ کار 3 بنیادی پہلوئوں پر مشتمل ہو گا،جس میں سیاسی، سیکورٹی ، اقتصادی اور تہذیبی پہلو شامل ہیں۔ کونسل کے سیاسی سیکورٹی امور کی قیادت دونوں وزرائے خارجہ کریں گے۔ دونوں ممالک کی وزارت خارجہ اس ضمن میں ’’فوکل پوائنٹس‘‘کا کردار ادا کریں گی۔ شاہ محمود نے سعودی ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان کی مصالحانہ کاوشوں سے آگاہ کیا ۔ وزیر خارجہ نے دو طرفہ معاونت اور عالمی سطح پر تعاون کو سراہتے ہوئے سعودی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا ۔