عراق میں امریکی ائربیس پر بمبار ڈرون سے حملے

235
عراق: ڈرون حملے میں نشانہ بنایا گیا امریکی فوجی اڈا عین الاسد

بغداد (انٹرنیشنل ڈیسک) عراق میں عین الاسد کے فوجی اڈے پر ایک بار پھر بم بار ڈرون سے حملہ ہوگیا۔ عراقی فوج کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ امریکا اور اس کی اتحاد ی افواج کے اڈے پر بم باری کے دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ادھر اتحادی فوج کے ترجمان کرنل وین ماروٹو نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ ہفتے کے روز صبح سویرے کیے گئے حملے نے ایک ہینگر کو نقصان پہنچا۔ انہوںنے کہا کہ حملے کے بعد کسی تنظیم نے کارروائی کی ذمے داری قبول نہیں کی، تاہم حملہ آوروں کی تلاش کے لیے تحقیقات کی جارہی ہے۔ یاد رہے کہ امریکا نے اس سے قبل کیے گئے حملوں میں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا کو مورد الزام قرار دیا تھا۔ ان میں سے زیادہ تر راکٹ حملوں میں امریکی فوج کی موجودگی میں عراق کے فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا۔ اپریل کے وسط میں ایک دھماکا خیز مواد سے بھرے ڈرون نے عراق کے شمالی کردوں کے علاقے اربیل میں بین الاقوامی ہوائی اڈے کے فوجی حصے کو نشانہ بنایاتھا، جس میں کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔ اس اڈے میں امریکی فوجی بھی موجود تھے۔ گزشتہ سال بغداد میں امریکی ڈرون حملے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد یہ حملے بہت تیز ہوگئے ہیں۔