غیرقانونی حراست، سرجانی تھانہ ڈیوٹی افسر کیخلاف آئینی درخواست دائر

285

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سرجانی ٹاؤن کے ڈیوٹی افسر کے خلاف غیر قانونی حراست پرڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ویسٹ کی عدالت میں آئینی درخواست دائر کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق نجی اخبار کے صحافی محمد قادر عباسی اور منیر حسین کھوکھر نے ایڈیشنل آئی جی پی کراچی،ایس پی کمپلینٹ سیل ضلع ویسٹ اور ایس ایچ او تھانہ سرجانی ٹاؤن اور ڈیوٹی افسر کو فریق بناتے ہوئے ایف آئی آر کے اندراج کیلیے استدعا کی ہے۔ انہوں نے درخواست میں لکھا ہے کہ مورخہ 21 اپریل 2021ء کی شام گلشن سیف المری گوٹھ سرجانی ٹاؤن میں بدنام زمانہ لینڈ گریبر عمران منشیات فروشوں کی مدد سے صحافی کے گھر پر قبضے کی کوشش کر رہا تھا جس پر صحافی منیر حسین کھوکھر کی شکایت پر پولیس مددگار 15نے لینڈ گریبر عمران کو موقع پر پہنچ کر گرفتار کرلیا جبکہ اس کے دیگر ساتھی فرار ہو نے میں کامیاب ہوگئے، مددگار پولیس مدعی اور لینڈ گریبر کو سرجانی ٹاؤن تھانے لے گئی تاہم جب نجی اخبار کا صحافی محمد قادر عباسی تھانہ سرجانی ٹاؤن پہنچا اور ڈیوٹی افسرسے منیر حسین کھوکھر کے بارے میں معلومات حاصل کر نا چاہی تو ایس ایچ او تھانہ سرجانی ٹاؤن کے کمرے میں موجود لینڈ گریبر عمران کے کہنے پر صحافی محمد قادر عباسی اور منیر حسین کھوکھر کو لاک اپ کردیا گیا اور سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکیاں دی گئیں، بعد ازاں کئی گھنٹے گزرنے کے بعد دیگر صحافی برادری کی مداخلت پر دونوں صحافیوںکو رہا کیا گیا ۔